• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیمی فائنل مرحلے سے قبل PSL5 میں کون سا ریکارڈ کس کےنام رہا؟

بیس فروری سے شروع ہونے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں سیمی فائنل مرحلے کا آغاز 17 مارچ سے ہوگا۔ ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز منگل جبکہ فائنل بدھ کو کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل مرحلے کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کے آغاز سے اب تک کئی منفرد ریکارڈز لیگ کی زینت بن چکے ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے سیمی فائنل مرحلے سے قبل مظہر ارشد کی جانب سے فراہم کردہ چند منفرد اعداد و شمار مندرجہ ذیل ہیں۔

کرس لِین کی بہترین اننگز:

کرس لِین نے اپنے ٹی ٹونٹی کیرئیر کی بہترین اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سیمی فائنل مرحلے میں رسائی دلوائی۔

ملتان سلطانز کے خلاف 55 گیندوں پر 113 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے والے کرس لِین کی یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پہلی اور مجموعی طور پر ٹی ٹونٹی کرکٹ میں دوسری سنچری تھی۔

یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں آٹھویں اور لاہور قلندرز کے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے پہلی سنچری تھی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کی جانب سے ایک میچ میں سب سے زیادہ اسکور بین ڈنک نے بنایا تھا۔ انہوں نے رواں ایڈیشن میں کراچی کنگز کے خلاف 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

کرس لِین نے حالیہ اننگز کے دوران 22 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ اس سے قبل عمر اکمل بھی 22 گیندوں پر ہی ٹیم کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری بناچکے ہیں۔

ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے

ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بلے باز کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی ایڈیشن 2020 میں بنایا گیا ہے۔

لاہور قلندرز کے وکٹ کیپر بیٹسمین بین ڈنک نےکراچی کنگز کے خلاف میچ میں 188 رنز کے تعاقب میں ایک اننگز میں 12 چھکے لگا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔

انہوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کے دوران99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

وہ اس سے قبل مزانسی لیگ میں بھی 99 رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔ بین ڈنک ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں واحد بلے باز ہیں جو اس فارمیٹ میں2 مرتبہ 99 رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔

اس سے قبل بھی لیگ کے ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بین ڈنک کے پاس تھا۔ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 43 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 10 چھکے شامل تھے۔

نئی فانلسٹ :

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020کی چار بہترین ٹیمیں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے سیمی فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کی۔

ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچی ہیں، جس کے باعث کم از کم ایک ٹیم ایسی ہوگی جو پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچے گی۔

گذشتہ 4 ایڈیشنز میں صرف 3 ٹیمیں ہی مختلف مواقع پر ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بناسکیں۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں 3،3 مرتبہ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 2 مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔

ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔

چھکے سے اننگز کا آغاز:

کراچی کنگز کے شرجیل خان ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کے وہ واحد بلے باز بن گئے ہیں جنہیں اننگز کی پہلی گیند پر چھکا لگانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اننگز کے پہلے اوور میں فاسٹ باؤلر موسیٰ خان کو پہلی گیند پر چھکا جڑا۔ اوپنر نے اس اوور میں 20 رنز بنائےجو لیگ کی تاریخ کا ایک اور ریکارڈ ہے۔

10وکٹوں سے فتح:

شرجیل خان نے بابراعظم کے ہمراہ 151 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے کراچی کنگز کو لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی دلائی ۔

لیگ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع تھا جب کسی بھی ٹیم کو حریف کے خلاف 10وکٹوں سے فتح ملی ہو۔ اس سے قبل پشاور زلمی نے ایڈیشن 2018 میں لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے مات دی تھی۔

سب سے نوجوان بلے باز کی نصف سنچری:

پشاور زلمی کے حیدر علی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں نصف سنچری اسکور کرنے والے سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ لاہور قلندرز کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کے دوران انجام دیا۔ اس روز حیدرعلی کی عمر 19 سال اور 160دن تھی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ حسین طلعت کے پاس تھا۔ انہوں نے 20 سال اور 74دن کی عمر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےخلاف نصف سنچری بنائی تھی۔

پاور پلے میں بہترین کارکردگی:

لاہور قلندرز کی ٹیم ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پاور پلے میں سب سے بہترین باؤلنگ کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔

سمت پٹیل کی 5 رنز کے عوض 4 وکٹوں پر مشتمل باؤلنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاور پلے کے ابتدائی 6 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 21 رنز پر محدود کیا۔

350وکٹوں کااعزاز:

سہیل تنویر ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں پہلے پاکستانی اور دنیا کے چھٹے باؤلر بن گئے ہیں جنہیں اس طرز کی کرکٹ میں 350 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

انہوں نے یہ اعزاز پشاور زلمی کے خلاف میچ میں 3 وکٹیں حاصل کرکے اپنے نام کیا۔

تازہ ترین