• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں ماہ کے آخر میں دوحا میں ہونیوالی ایشین اسنوکر ، سکس ریڈ اور ٹیم چیمپئن شپ کو ملتوی کردیا گیا ہے، باکسر عامر خان نے بھی 21 مارچ کو اسلام آباد میں شیڈول پروفیشنل باکسنگ ایونٹ ملتوی کردیا، پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے بھی حالات بہتر ہونے تک تمام سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسپورٹس کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے ، ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈز اسپورٹس نے اس ماہ کے آخر میں ہونیوالے ایونٹس کا سلسلہ معطل کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ، ایشین مینز اسنوکر چیمپئن شپ اور ایشین سکس ریڈچیمپئن شپ ملتوی کردی گئی ہے، یہ تینوں ایونٹ 27 مارچ سے دوحا میں کھیلے جانے تھے۔

اے سی بی ایس نے رکن ممالک کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ ایونٹ میں پاکستان سمیت 20 ملکوں کے کیوسٹس کو شرکت کرنا تھی ، پاکستان ایشین ٹیم چیمپئن شپ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

دوسری جانب باکسر عامر خان نے بھی21 مارچ کو اسلام آباد میں ہونیوالا پروفیشنل باکسنگ ایونٹ ملتوی کر نے کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستانی باکسر عثمان وزیر سمیت پاکستانی اور غیر ملکی پروفیشنل باکسرز کی شرکت متوقع تھی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بھی مزید احکامات تک اپنی تمام سرگرمیاں معطل کردی ہیں، ملک میں جاری بی ڈویژن فٹبال لیگ کو بھی روک دیا گیا ہے، بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تازہ ترین