• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھلاڑیوں کا PSL میچز کی معطلی کے فیصلے کا خیر مقدم

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل سیمی فائنل اور فائنل میچ کی معطلی کا اچانک فیصلہ سامنے آیاجس کا موجودہ و سابق کھلاڑی خیر مقدم کر رہے ہیں۔

پاکستان سُپر لیگ سیزن فائیو میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ  پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ بہت پہلے کرنا چاہیے تھا۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے لکھا کہ پی ایس ایل کے اختتام پر انہیں افسوس ہورہا ہے، لیکن یہ فیصلہ تمام متعلقہ افراد کی صحت کی حفاظت کے لیے ازحد ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرافی ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہونے والی ٹیم کو ملنی چاہئے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی سی بی نے فوری طور پر سیمی فائنل اور فائنل میچز معطل کئے ہیں منسوخ نہیں کئے۔ پی سی بی کے مطابق معطل شدہ میچز ری شیڈول ہوں گے۔

لاہور قلندرز کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ اچھا ہے،صحت اور جان سے بڑھ کر کچھ نہیں ۔

سی ای او لاہور قلندرزعاطف رانا نےکہا کہ پوری دنیا میں کورونا کی وبا پھیلی ہے،اس سے حفاظت ضروری ہے،پی سی بی نے پی ایس ایل ملتوی کرنےکا ٹھیک فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب رمیز راجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز لندن میں کورونا وائرس ٹیسٹ کروا رہے ہیں، شاید ایلکس ہیلز میں کورونا وائرس کی کچھ علامات سامنے آئی ہیں، پی ایس ایل فائیو میں ایلکس ہیلز نے کراچی کنگز کی نمائندگی کی۔

رمیز راجا نے یہ بھی بتایا کہ پی ایس ایل کے تمام کمنٹیٹرز اور براڈ کاسٹرز کے2 گھنٹے بعد ٹیسٹ ہوں گے ۔

پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں پی سی بی کے فیصلے کو سراہا۔

جاوید آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ کرونا وائرس جیسی قدرتی آفت سے جہاں پوری دنیا نبرد آزماء ہے وہاں حکومت پاکستان بھی عمران خان کی قیادت میں اس وباء سے نمٹنے کے لئے میدان عمل میں ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اس تناظر میں پی ایس ایل کا ٹورنامنٹ بھی ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد معطل کر دیا گیا۔ قوم حکومت کے مستحسن اقدامات کی بھر پور تائید کرتی ہے۔‘

تازہ ترین