• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلیکس ہیلز نے کورونا سے متاثر ہونے کی خبروں کی تردید کردی

انگلش کرکٹر ایلیکس ہیلز نے خود کو کورونا وائرس لگنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

واضح رہے کہ خلیج ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ انگلش کرکٹر ایلیکس ہیلز کورونا وائرس کے شکار ہوگئے ہیں اور انہوں نے خود ساختہ تنہائی بھی اختیار کرلی ہے۔

تاہم اس حوالے سے ایلیکس ہیلز نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کورونا سے متاثر ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا۔

اپنے ٹوئٹ میں ایلیکس ہیلز کا کہنا تھا کہ ان سے متعلق جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانا ایک خطرناک رویہ ہے۔

اپنے ایک بیان میں ایلیکس ہیلز کا کہنا تھا کہ جب وہ ہفتے کی صبح پاکستان سے واپس اپنے وطن پہنچے تو بالکل صحت مند تھے۔

ہیلز نے مزید بتایا کہ اتوار کی صبح بخار محسوس ہوا، برطانوی حکومتی ہدایت پر خود کو الگ تھلگ کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی تنہائی میں ہی ہیں اور انہیں خشک کھانسی ہے، اب تک کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا، ممکن ہے شام تک ٹیسٹ ہوجائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹیسٹ رپورٹس آنے کے بعد ہی وہ اپنی صحت پر مزید اپ ڈیٹ دیں گے۔

یاد رہے کہ ایلیکس ہیلز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

انہوں نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے پی ایس ایل فائیو میں 7 میچز کھیلے اور مختلف میچز میں ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار بھی ادا کیا۔

تازہ ترین