• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس اور ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، سروسز اسپتال کا او پی ڈی بند

کورونا وائرس اور ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، سروسز اسپتال کا او پی ڈی بند


لاہور میں ینگ ڈاکٹر کی ہڑتال اور صوبے میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے سروسز اسپتال کا او پی ڈی دوسرے روز بھی بند ہے جس کی وجہ سے او پی ڈی کے لیے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اس اعلان کے باوجود سروسز اسپتال میں دوسرے روز بھی او پی ڈی بند رہی۔

ڈاکٹرز، نرسز اور عملہ غائب ہونے کے باعث ٹیسٹس، ادویہ اور علاج معالجے کا سلسلہ بھی بند رہا، جس کی وجہ سے دور دراز سے آئے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سروسز اسپتال ڈاکٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ او پی ڈی میں فلُو کاؤنٹر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ چھوٹی چھوٹی بیماریوں پر اسپتال میں نہ آئیں، بلکہ گھروں میں رہ کر ہی آرام کریں۔

ایم ایس سروسز اسپتال کہتے ہیں کہ اوپی ڈی بند ہے، تشویشناک حالت والے مریض ایمرجنسی میں چیک اَپ کروالیں۔

سروسز اسپتال کے علاوہ لاہور کے دوسرے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں مریضوں کے چیک اَپ کا سلسلہ جاری رہا۔

مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں پہلے تو ان کا جیسے تیسے چیک اَپ ہو رہا تھا، مگر اب کورونا کی وجہ سے کئی کئی مہینوں کی تاریخیں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہ کوئی دوا مل رہی ہے اور نہ ہی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، تاہم اس صورتحال میں کہاں جائیں؟

تازہ ترین