پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور ٹیم مالکان سمیت 128 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی ہے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے بتایا کہ پی سی بی مسرور ہے کہ تمام کھلاڑی اور آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں اور وہ بغیر کسی خدشہ کے ایک بار پھر اپنے اہل خانہ کاحصہ بن گئے ہیں۔
پی سی بی نے منگل 17 مارچ کو احساسِ ذمہ داری کے تحت ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 ء میں شریک کُل 128 کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین،میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے تھے جس کے بعد اب پی سی بی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
ا س کے علاوہ ملتان سلطانز کی جانب سے پیر 16 مارچ کو کروائے گئے کورونا وائرس کے تمام 17 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی ساکھ کے لیے ضروری تھا کہ ایونٹ کے اختتامی مرحلے تک شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ منفی آتے۔
انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہے کہ تمام کھلاڑی اور میچ آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں اوروہ بغیر کسی خدشہ کے ایک بار پھر اپنے اہلِ خانہ کاحصہ بن گئے ہیں۔
وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اپنے ملازمین کے مکمل تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ احتیاط برتیں اور معاشرے کے دیگر افراد کی بہبود کا بھی خیال رکھیں۔
وسیم خان نے کہا کہ ہم حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کرکے اس وباء سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ہمیں مصافحہ کرنےیا گلے ملنے سے پرہیز کرنا ہوگا، اجتماعات سے دور رہیں اور کھانسنے یا چھینکنے والے افراد کے ساتھ قریبی رابطے سے گریز کریں۔
وسیم خان نے مزید کہا کہ پی سی بی دعاگو ہے کہ حالات جلد معمول پر آئیں اور خواہش ہے کہ ہم جلد میدانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد دیکھ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران تمام 25 غیر ملکی کھلاڑی، اسپورٹ اسٹاف میں شامل اراکین اور میچ آفیشلز اپنے اپنے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔
پی سی بی کی ایڈوائزری برائے صحت
• چھینک، کھانسی، کھانے سے پہلے اور بعد میں اور ٹوائلٹ کے استعمال کے بعد باقاعدگی سے صابن یا الکوحل والے سینیٹائزر سے ہاتھ دھوئیں۔
• چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں۔
• ٹشو پیپر یا رومال کے استعمال کے فوری بعد اسے کوڑے دان میں پھینکیں۔
• مصافحہ کرنے یا گلے ملنے سے پرہیز کریں۔
• کھانسنےیا چھینکنے والے افرادسے دور رہیں۔