پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کی آسٹریلوی پریزینٹر ایرن ہالینڈ اور پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی نے اپنے گھر پہنچ کر 14 دن کے لیے تنہائی اختیار کرلی ہے۔
پی ایس ایل فائیو کے دوران اپنے دلکش انداز میں کھلاڑیوں ، آفیشلز اور دیگر افراد کے انٹرویوز کرنے والی پریزینٹر ایرن ہالینڈ پاکستان سے اپنے آسٹریلیا پہنچ گئی ہیں ۔
ایرن ہالینڈ نے اپنے گھر پہنچ کر عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے گھر پہنچ گئی ہیں اور 14 دن تک تنہا رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی نے بھی پی ایس ایل میں شرکت کے بعد پاکستان سے واپس سینٹ لوشیا روانہ ہوئے جہاں انہوں نے گھر پہنچنے کے بعد تنہائی اختیار کر لی ہے۔
سیمی کا کہنا ہے کہ ان کا پاکستان میں کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن انہوں نے کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں، اچھی طرح اپنے ہاتھ دھوئے، آنکھ، ناک اور منہ کو نہیں چھو رہے ہیں اور 14 روز انتظار کے بعد ہی اپنے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے ۔
ان کا کہنا ہے کہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے احتیاط ضروری ہے، امید ہے یہ وقت گزر جائے گا۔