• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے بارے میں پائی جانے والی 6 غلط فہمیاں


دنیا میں تیزی سے اموات کا سبب بننے والے جان لیوا کورونا وائرس کے بارے میں کچھ ایسے خیالات سامنے آرہے تھے جن پر عمل کرکے اس سے بچا جاسکتا ہے۔

ان تمام خیالات کو دیکھتے ہوئے عالمی ادارہ صحت نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جسے  ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے ویڈیو کی شکل میں شیئر کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں ایسے تمام خیالات کی نفی کی گئی  ہے جو اس وائرس کے حوالے سے پروان چڑھ رہے تھے ۔

1: کورنا گرم اور متعدل موسم میں زندہ نہیں رہتا

ویڈیو میں بیان کردہ پہلی غلط فہمی یہ ہے کہ کورونا وائرس گرم اور معتدل موسم میں زندہ نہیں رہتا ، یہ اس وائرس سے متعلق بالکل بے بنیاد خیال ہے، کورونا کسی بھی موسم میں انسانی جسم میں حملہ آور ہوسکتا ہے۔

2: مچھر کے کاٹنے سے بھی وائرس منتقل ہوسکتا ہے

کورونا پر کی گئیں اب تک کی سائنسی تحقیق کے مطابق کورونا کے مچھر کے کاٹنے سے منتقل ہونے کے کوئی شواہد نہیں ہیں ۔

3: اس وائرس کے خلاف نمونیا کی ویکسین آزمودہ ہے

کورونا وائرس کا نمونیا سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ، نمونیا کی ویکسین صرف نمونیا سے ہی محفوظ رکھ سکتی ہے جبکہ دنیا بھر کے سائنسدان اس جان لیوا وائرس کی ویکیسین بنانے پر کام کررہے ہیں۔

4: اینٹی بائیوٹک اس وائرس کا موثر علاج ہیں

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے متعلق غلط فہمیوں کو حوالے سے شیئر کردہ فہرست میں اینٹی بائیوٹک کا استعما ل بھی ہے، لوگوں میں یہ خیال پایا جارہا ہے کہ اینٹی بائیوٹک کورونا سے متاثرہ شخص کے لئے موثر علاج ہے جبکہ یہ بلکل غلط ہے ۔

اینٹی بائیوٹک بیکٹیریا کے خلاف کام کرتا ہے ، وائرس کے لیے ویکسین ہی موثر علاج ہے۔

5: بڑی عمر کے لوگ ہی اس وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں

عالمی ادارہ صحت نے اس خیال کی بھی تردید کی کہ یہ وائرس نا صرف بڑی عمر کے لوگوں کو اپنا شکار بناتا ہے بلکہ ہر عمر کے افراد اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

6: ادرک کا استعمال اس وائرس سے دور رکھتا ہے

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ادرک کا زیادہ استعمال لوگوں کو آپ سے دور رکھ سکتا ہے لیکن اس وائرس کا دور رہنا مشکل ہے۔

ویڈیو میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ادرک میں کورونا کا کوئی علاج نہیں۔

اس ویڈیو کو معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے عوام میں آگاہی کے لیے شیئر کیا۔

دوسری جانب دنیا بھر میں اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

تازہ ترین