• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ

لاہور ہائیکورٹ نےکورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے خواتین، کم عمر اور معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو ضمانت پررہاکرنے کا فیصلہ کر لیا۔

عدالت نے ایسے قیدیوں کی رہائی کیلئے ضمانت کی درخواستیں دائر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے تمام سیشن ججز کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ متعلقہ سپرنٹنڈنٹس جیل کو ضمانت کی درخواستیں دائر کرنے کی ہدایت کی جائے۔

ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے صوبے کے تمام سیشن ججز کے نام مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ7 سات سال سے کم قید والے، کم عمر اور خواتین  قیدیوں کی ضمانت کی درخواستیں متعلقہ سیشن عدالتوں میں دائر کی جائیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 7 سال سے عمر قید تک کے مجرموں کی ضمانت کی درخواستیں جیل سپرنٹنڈنٹس براہ راست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کریں جبکہ ٹرائل کورٹ کا صوابدیدی اختیار ہو گا کہ ضمانت منظور ہونے کے بعد ملزم کو شخصی ضمانت پر رہا کرنا ہے یا ضمانتی مچلکے لینے ہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ ایسے قیدیوں کو 2 ہفتوں تک مکمل تنہائی میں رکھنے کا حکم دیا جائے جبکہ متعلقہ ڈی پی او قید سے چھوٹنے والے قیدیوں کے عام افراد سے میل جول پر نظر رکھیں گے۔

مراسلےمیں جیلوں میں آنے والے نئے قیدیوں کو بھی مکمل تنہائی میں رکھنے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے مقدمات میں سزا پانے والے یا زیرِ ٹرائل ملزموں پر ان ہدایات کا اطلاق نہیں ہو گا۔

تازہ ترین