• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کا زیادہ خطرہ جیلوں میں بندقیدیوں کو ہے‘ عبداللہ گل

راولپنڈی (خبر نگار) تحریک جوانان پاکستان و کشمیر کے چیئرمین محمد عبداللہ حمید گل نے کہا ہے کہ اس وقت کورونا وائرس کا سب سے زیادہ خطرہ جیلوں میں بند قیدیوں کو ہے۔ پاکستان میں اس وقت چالیس فیصد گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ ہماری جیلوں میں تقریباً 45ہزار قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت 77ہزار سے زیادہ قیدیوں کو وہاں رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ان قیدیوں کی زندگیوں کو بہت سے خطرات لاحق ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا پاکستان کی جیلوں میں دو ہزار سے زائد قیدی ٹی بی، ایڈز اور دوسری مہلک بیماریوں میں مبتلا ہیں جبکہ تقریباً 45ہزار قیدیوں کے عدالتوں میں مقدمات چل رہے ہیں اور انہیں ابھی تک کسی عدالت نے سزا نہیں سنائی۔ عبداللہ گل نے کہا کہ کورونا وائرس سب سے پہلے نظامِ تنفس پر حملہ آور ہوتا ہے اسلئے حکومت کو چاہئے کہ ٹی بی، ایڈز اور دوسری مہلک بیماریوں میں مبتلا لوگوں کو ضمانت پر رہا کر دے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ زیادہ تر قیدیوں کے مقدمات عدالتوں میں چل رہے انکی زندگیوں کو بھی اس وائرس سے شدیدخطرہ لاحق ہے اسلئے انہیں بھی تھوڑی مدت کیلئے ضمانت پر رہا کر دیا جائے، پوری دنیا نے اپنے قیدیوں کو اس وباء کے ڈر سے رہا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل عملہ زیادہ تر جیل کے اندر اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے لہٰذنا اُن کو درکار حفاظتی کٹس مہیا کی جائیں۔ عبداللہ حمید گل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے قیدیوں کے حوالے سے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بہت سارے قیدیوں کی جانوں کو کورونا وائرس سے بچایا جا سکے گا۔
تازہ ترین