• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنگری میں ماہر پائلٹ کا پرواز کے ذریعے ڈاکٹرز کو انوکھا خراج تحسین

ہنگری میں ماہر پائلٹ کا پرواز کے ذریعے ڈاکٹرز کو انوکھا خراج تحسین


کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج اور اس پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے اور اس مشن میں کئی ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکز اپنی جانوں کی قربانی بھی دے چکے ہیں۔

 ڈاکٹروں کو دنیا بھر میں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے، ایسے میں ہنگری کے ایک پائلٹ نے طیارے کی پرواز کے ذریعے کراس اور تھمب کا مخصوص نشان بنا کر دنیا بھر کے ڈاکٹروں کو انوکھا خراج تحسین پیش کیا ہے۔

 ہنگری کے مقامی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والے ماہر پائلٹ نے دو گھنٹے 13 منٹ کی انتہائی ماہرانہ پرواز کی اور طیارے سے انتہائی مشکل ڈیزائن بنایا۔ پائلٹ نے یہ مشن مقامی وقت کے مطابق صبح 10:53 پر شروع کیا اور لگ بھگ دو گھنٹے 13 منٹ کی پرواز کی۔

 یہ انوکھا ہوائی مشن دوپہر ایک بجکر 5 منٹ پر مکمل ہوا۔ فضائی ماہرین کے مطابق چھوٹے طیارے کو اچانک مقررہ پوائنٹ پر موڑنا خطرے سے خالی نہیں ہوتا۔ طیارہ 2850 فٹ کی بلندی پر 91 سے 112 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مسلسل پرواز کرتا رہا۔

 جہاں طیارے کو موڑنا ہوتا تھا وہاں پر طیارے کی رفتار 91 سے 98 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رکھی گئی۔ فضائی ماہرین اس مشن کو پائلٹ کی انتہائی مہارت قرار دے رہے ہیں اور دنیا بھر میں پائلٹ کے اس مشن اور ڈاکٹر کو خراج تحسین دینے کے انوکھے انداز کو سراہا جارہا ہے۔

 یورپ کے بعض دیگر ملکوں کی طرح ہنگری بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آچکا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ دس افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔