• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقار یونس تنہائی میں چلے گئے، ڈاکٹر اہلیہ ڈیوٹی میں مصروف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور سابق کپتان وقار یونس نے سڈنی میں خود کو تنہائی میں کرلیا ہے، وقار یونس پی ایس ایل فائیو میں کمنٹری کے لیے غیر ملکی ساتھیوں کے ہمراہ لاہور، کراچی اور ملتان گئے۔ کورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کر دیئے گئے اور اس کے بعد وقار یونس اپنی فیملی کے پاس آسٹریلیا چلے گئے۔ بین الاقوامی سفر کے بعد وقار یونس از خود تنہائی میں چلے گئے کیونکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر بین الاقوامی سفر کے بعد از خود تنہائی کو ضروری قرار دیا جاتا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق وقار یونس کی اہلیہ فریال وقار ڈاکٹر ہیں اور ان دنوں پیدا ہونیوالی صورت حال میں ایمرجنسی میں ڈیوٹی پر ہیں۔ وقار یونس کہتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں ہم سب کو ہمت دکھانی ہے، ہمت دکھائے بغیر ہم اس وباء سے نجات نہیں پا سکتے، ہمیں ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھانا ہے اور اس وائرس سے نجات کے لیے آگاہی پیدا کرنی ہے۔ ہمیں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں جو سب سے آگے ہیں ان کو سلام پیش کرنا ہے، اس جنگ میں ڈاکٹرز، نرسز، میڈیکل آفیسرز اور دوسرا متعلقہ عملہ جنگ کے محاذ میں سب سے آگے ہے، ان سب کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان سپر لیگ کے آخر لمحات میں منسوخ ہونے کے بعد اس میں شریک اکثر غیر ملکی کر کٹرز اپنے اپنے وطن پہنچنے کے بعد تنہائی میں چلے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ منسوخ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی و غیر ملکی کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے جو سب کے سب منفی آئے۔ پشاور زلمی کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے سوشل میڈیا کے ذریعے آگا ہ کیا تھا کہ انہوں نے خود کو سینٹ لوشیا میں تنہائی میں رکھا ہوا ہے۔ لاہور قلندرز کے بین ڈنک کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سفر کے بعد قرنطینہ میں 9 روز ہو چکے ہیں، صورتحال اب سنجیدہ ہوتی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ کولن منرو، کرس لین اور ڈیل اسٹین بھی تنہائی میں وقت گزار رہے ہیں۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر بھی پاکستان سے جانے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔ آسٹریلوی کرکٹر کرس لین قرنطینہ کے دوران آن لائن کوچنگ میں مصروف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال سے نکلنے کے لیے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ 

تازہ ترین