• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نامور کھلاڑی مستحق افراد کی امداد کیلئے متحرک ہوگئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں ہونے والے لاک ڈائون کے بعد اسے متاثر ہونے والوں کی امداد کے لئے ملک کے نامور کھلاڑی اور امپائر بھی مدد کے لئے متحرک ہوگئے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایوارڈ یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے کورونا وائرس کی وجہ سے بے روزگار افراد کو مفت کھانا کھلانے کا اعلان کردیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں آئی سی سی ایلیٹ امپائر علیم ڈار نے کہا کہ بے روزگار افراد میرے ریسٹورنٹ سے مفت کھانا لے سکتے ہیں، کورونا کے خلاف حکومت پاکستان کا ساتھ دیں اور احتیاط کریں۔ قومی ٹیم کے اوپنر اور پی ایس ایل فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے احمد شہزادنے کہا ہےکہ میں نے سب کے لیے ڈائریکٹ میسج آپشن کھول دیا ہے، براہ کرم اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی شخص کو راشن کی ضرورت ہے تو مجھ سے رابطہ کریں۔ احمد شہزاد نے کہا کہ میں ضرورت مندوں تک پہنچنے کی پوری کوشش کروں گا، میں انفرادی طور پر کام کررہا ہوں اور ضرورت مندوں کی مدد کی پوری کوشش ہوگی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے سربراہ شاہد خان آفریدی نے بھی اپنے فلاحی ادارے کے توسط سے غریبوں میں راشن تقسیم کیا۔ اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے بھی اس حوالے سے کئی مستحق افراد سے رابطہ کر کے انہیں راشن پہنچایا۔
تازہ ترین