• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، NHS اور سوشل کیئر سٹاف کو پارکنگ کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی، حکومت

لندن (پی اے) حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے دوران این ایچ ایس اور سوشل کیئر سٹاف کو پارکنگ کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ یہ اعلان 4 لاکھ افراد کے دستخطوں سے جاری کی گئی ایک پٹیشن کے بعد کیا گیا، جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ این ایچ ایس ورکرز پر چارجز ختم کئے جائیں۔ جی پی انتھونی گالگھر، جنہوں نے پٹیشن کا آغاز کیا تھا، حکومت کے فیصلے کو سراہا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ فیس کا خاتمہ مستقل بنیادوں پر ہونا چاہئے۔ وزیر صحت میٹ ہنکوک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آزمائش کے اس وقت میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے کام کرنے والے ورکرز کیلئے جو کچھ بھی ممکن ہوا وہ کریں گے۔ حکومت وعدہ کرچکی ہے کہ وہ این ایچ ایس ٹرسٹس کو رقم فراہم کرے گی تاکہ وہ ہاسپیٹلز کار  پارک میں ورکرز کو مفت پارکنگ کی پیشکش کر سکیں۔  اسی اثنا میں وزیر لوکل گورنمنٹ رابرٹ جنرک نے کہا ہے کہ وہ انگلینڈ میں لوکل اتھارٹیز سے متفق ہیں کہ انہیں سڑکوں پر کونسلز کی ملکیتی جگہوں پر مفت کار پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے۔ حکومت نے کہا ہے کہ کونسلیں اس امر کو یقینی بنائیں گی کہ این ایچ ایس سٹاف، کیئر ورکرز اور رضاکاروں کو ایسے شناختی ثبوت فراہم کریں جو وہ چارجز سے بچنے کیلئے اپنی گاڑیوں پر آویزاں کر سکیں۔ قبل ازیں نیشنل کار پارکنگ گروپ اس امر کی تصدیق کر چکا ہے کہ وہ انگلینڈ میں اپنی 150 سے زائد کار پارکنگ میں این ایچ ایس سٹاف کو مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔ ڈاکٹر گالگھر نے اس اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس ڈرائونے خواب والا وقت گزرنے کے بعد بھی حکومت کو یہ بات یاد رہے گی کہ این ایچ ایس سٹاف کس طرح روزانہ اپنے فرائض انجام دیتا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ حکومت درست باتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے این ایچ ایس ورکرز کیلئے پارکنگ کی سہولت مستقل طور پر مفت فراہم کرنے کا انتظام کرے گی۔ ان کے اس مطالبہ کا جی ایم بی ٹریڈ یونین نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔ قومی سیکرٹری ریحانہ اعظم نے کہا کہ ہمیں مستقل طور پر اس سکینڈل کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے این ایچ ایس اور ایمبولنس ورکرز کو ان ہسپتالوں میں ہی کارپارکنگ کی مد میں ہزاروں پونڈز خرچ کرنے پڑتے ہیں جہاں وہ کام کرتے ہیں۔ معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت دی گئی درخواست پر یونین کو پتہ چلا ہے کہ سٹاف اپنے ہی ہسپتالوں میں پارکنگ کیلئے سالانہ 1300 پونڈز ادا کر رہا ہے۔ سکاٹ لینڈ میں بھی تین سکاٹش ہسپتالوں پر پارکنگ چارجز کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ سکاٹ لینڈ میں دیگر این ایچ ایس ہسپتالوں پر پارکنگ فیس 2008 میں ختم کی جا چکی ہے۔

تازہ ترین