• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب اور روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے مشکلات کا شکار ہیں، میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کی موجودہ صورتحال میں غریب اور روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے افراد شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں ایسے افراد کی مدد نہ کی گئی تو صورتحال انتہائی خراب ہو سکتی ہے ہمیں صبر، ہمت، برداشت اور ایک دوسرے کی مدد سے اس مشکل صورتحال کا سامنا کرنا ہے، یہ بات انہوں نے کراچی چڑیا گھر کے ان ملازمین میں جو جانوروں کی خوراک، دیکھ بھال اور نگہداشت پر مامور ہیں راشن تقسیم کرنے کے موقع پر کہی، میئر کراچی نے اپنی جانب سے کراچی زو، سفاری پارک اور لانڈھی کورنگی زو کے ملازمین کے لئے راشن کا انتظام کیا ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں اور انہیں مالی مشکلات کا سامنانہ ہو، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے جو ملازمین اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں اور ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے، حکومت سندھ سے گرانٹ ملتے ہی ملازمین کی تنخواہیں ادا کردی جائیں گی اور توقع ہے کہ اس مرتبہ ہم بروقت تنخواہیں ادا کرسکیں گے کے ایم سی کے تمام پینشنرز کو ان کی پینشن ادا کردی گئی ہے، انہوں نے ڈائریکٹر زو اور سفاری کو ہدایت کی کہ وہ ملازمین کا خاص خیال رکھیں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، صرف ان ملازمین کو ڈیوٹی پر بلایا جائے جو انتہائی ضروری ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر میں لاک ڈاؤن اور شہریوں کا کم سے کم نکلنا ان کے اپنے مفاد میں ہے جس سے نہ صرف وہ خود اس وباء سے بچ سکیں گے بلکہ دوسرے لوگ بھی محفوظ رہیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتال، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کراچی کے شہریوں کی خدمات کے لئے فعال ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر انہیں طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں، انہو ں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے عباسی شہید اسپتال، کارڈیک سینٹر لانڈھی اور دیگر اسپتالوں میں فلٹر کلینکس قائم کی گئی ہیں۔

تازہ ترین