• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں کورونا کے مریض سندھ سے بڑھ گئے


کراچی/لاہور(ٹی وی رپورٹ/اسٹاف رپورٹر آن لائن )پنجاب میں کورونا کے مریض سندھ سے بڑھ گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کوروناکے اجلاس میں پنجاب بھر میں گروسری اسٹورز، جنرل اسٹورز اور کریانہ کی دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب وزیر اعلی سندھ کی زیر صدارت اجلاس میںسندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 3 گھنٹے کی سختی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ہفتہ سے شام 5 بجے سے صبح آٹھ 8 تک لاک ڈاؤن میں سختی ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کل شام 5 بجے سے صبح 8 بجے تک تمام کاروبار بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔جانوروں اور پرندوں کی جان بچانے کیلئے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جانوروں، پرندوں اور ان کی خوراک کی دکانیں دوپہر بارہ سے دو بجے تک کھولی جاسکتی ہیں۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میںمنعقدہ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، چیف سیکرٹری سید ممتاز شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر بخاری، ہوم سیکرٹری عثمان چاچڑ، کور 5 کے بریگیڈیئر سمیع اور انڈس اسپتال کے ڈاکٹر باری نے شرکت کی۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سکھر، لاڑکانہ میں زائرین کو چھوڑ کر کورونا وائرس کے 168 کیسز ہوئے ہیں ان میں سے 102 لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی ٹرانسمیشن کے کیسز اب بھی بڑھ رہے ہیں لہذا ہم سب کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کرنا ہوگا بصورت دیگر اس پر قابو پانے کی صورتحال میں نہیں ہونگے۔

ہمارے عوام کو جاری صورتحال کی سنجیدگی کو سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے آئی جی پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی کہ وہ حکم پر عملدرآمد کرائیں، لاک ڈاؤن کو مزید سخت کریں اور لوگوں کو بغیر کسی ٹھوس وجہ کے اِدھر اُدھر جانےکی اجازت نہ دیں۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے مساجد میں باجماعت نماز پڑھنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کافی مشکل فیصلہ تھا جو دکھی دل سے کیا۔ اس فیصلے کا مقصد لوگوں کو مقامی ٹرانسمیشن سے بچانا ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ انہوں نے جمعہ کی نماز اپنے گھر میں ادا کی۔ 

انہوں نے کہا میں اپنے گھر میں اپنی مسجد کے امام کی پیروی کرتا رہا جو لاؤڈ اسپیکر پر مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کررہے تھے اور ہم سب کو اس طرح کی پیروی کرنی چاہئے۔ 

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کا ویڈیولنک اجلاس ہوا۔ 

جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ گروسری اسٹورز، جنرل اسٹورز اورکریانہ دکانیں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی او راس فیصلے پر کل سے عملدرآمد ہوگا۔ کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گڈزٹرانسپورٹ کو نقل و حمل کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مسافر بردار گاڑیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہاٹ اسپاٹ کی چیکنگ کا نظام سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے حوالے سے انتہائی حساس علاقوں کی نشاندہی کر کے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔

کورونا کیس والے علاقوں میں نقل وحرکت کو محدود کیاجائے۔ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

زائرین کی اپنے گھروں میں روانگی کے بعد ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ مراکزکو جراثیم کش اسپرے سے صاف کیاجائے۔

تازہ ترین