• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کا شکایتی کمیٹی کا قیام نمائشی اقدام تھا، سی بی ایز جوائنٹ ایکشن کمیٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)‎کراچی میں صحافی تنظیموں اور جنگ اورجیو گروپ کی سی بی ایز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے چیئرمین نیب کی توجہ ان کے اپنے اس اقدام کی طرف دلائی ہے جو انہوں نے ملک بھر کے کاروباری افراد کی جانب سے ان شکایات پر کیا تھا کہ نیب انہیں غیر ضروری ہراساں کررہا ہے۔

ایکشن کمیٹی کے مطابق 5 نومبر 2019 کو جاری ایک نوٹیفکیشن میں چیئرمین نیب نے کاروباری افراد کی شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی قائم کی تھی۔ 

جس کا مقصد ملکی معیشت کو بحال کرنا تھا لیکن میر شکیل الرحمن کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ کمیٹی کا قیام ایک نمائشی اقدام تھا ملک کے کاروباری افراد کو آج بھی نیب کی جانب سے غیر ضروری ہراساں کیا جارہا ہے۔

ایکشن کمیٹی کے مطابق میر شکیل الرحمن صرف ایک کاروباری شخصیت ہی نہیں بلکہ ملک کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کے سربراہ بھی ہیں ان کی گرفتاری آزادی صحافت پر بھی حملہ ہے ملک میں آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کے لیے ضروری ہے کہ میر شکیل الرحمن کو فوری رہا کیا جائے۔ 

ایکشن کمیٹی کے مطابق 34 سال پرانے مقدمے میں ویریفکیشن کے اسٹیج پر میر شکیل الرحمن کی گرفتاری بلاجواز تھی اور وہ بھی ایک ایسے موقع پر جب وہ خود نیب سے مکمل تعاون کررہے تھے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر جمعے کو بھی جیو اورجنگ کے دفاتر میں تمام تر حفاظتی تدابیر کے ساتھ احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ۔ 

عملے کے ارکان نے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے دفتری امور انجام دیے ایکشن کمیٹی کے مطابق جنگ اور جیو کے دفاتر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تازہ ترین