حیدرآباد(بیورورپورٹ)ضلعی انتظامیہ،محکمہ صحت اور پولیس نے قاسم آبادمیں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز نور مسجد میں موجود تبلیغی جماعت کے 200افراد کو کورونا وائرس ہونے کے شبہ میں تحویل میں لے کر قرنطینہ منتقل کردیا ہے۔جہاں تبلیغی جماعت کے تحویل میں لئے گئے افراد کی اسکریننگ کی جائے گی،انتظامیہ کی کاروائی کی اطلاع اور سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہونے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز رائے ونڈ سے آنے والی جماعت میں شامل چینی نو مسلم نوجوان کو کرونا کے شبہ میں گورنمنٹ کہ سار اسپتال منتقل کیا گیا تھا،جمعہ کو اس کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر اسے سول اسپتال حیدرآباد کے آئسو لیشن وارڈ منتقل کیا گیا تھا،جس کے بعد ضلعی انتظامیہ،محکمہ صحت کی ٹیم اور پولیس نے جمعہ کی شب مسجد نور پہنچ کر مسجد میں موجود تبلیغی جماعتوں کے رائے ونڈ سے آنے والے اگراد سمیت مسجد میں قیام پذیر2 سو سے زائد افراد کی اسکریننگ اور ٹیسٹ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ڈی ایس پی قاسم آبا آغا عبدالمجید نے میڈیا کے رابطے پر کہا ہے کہ نومسلم چینی نوجوان میں کرونا کی تصدیق کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم ضلعی انتظامیہ اور پولیس مسجد نو پہنچی ہے جہاں ان افراد کے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں،ابتدائی ٹیسٹ کے بعد فیصلہ کیا جائیگا کہ انہیں یہیں آئسولیشن میں رکھا جائے یا کہیں اور منتقل کیا جائے۔