• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس نے جرم کیا وہ قانون کا سامنا کریگا، سپریم کورٹ

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے کوئٹہ میں یوٹیلیٹی اسٹورز میں کرپشن کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ دوران سماعت جسٹس قاضی امین نے وکیل سے استفسار کیاکہ کیا کرونا وائرس کی وجہ سے امریکا یا اٹلی نے بھی مجرم رہا کیے ہیں؟ جس نے جرم کیا ہے وہ قانون کا سامنا کریگا۔ جمعہ کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دور ان سماعت عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو جیلوں میں قیدیوں کی کورونا وائرس کی اسکریننگ بہتر کرنے کا حکم دیدیا ۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ جیلوں میں کرونا وائرس ہو نہ ہو حفظان صحت کے انتظامات بہتر ہونے چاہیں۔ وکیل ملزم نے کہاکہ میرا مؤکل تین سال سے جیل میں ہے، دوسرے ملزم کو پہلے ہی ضمانت دی جا چکی ہے۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ ہمارے پاس آئے ہیں تو ضمانت کیلئے فریش گراؤنڈز دیں۔ وکیل ملزم نے کہاکہ کسی ملزم نے میرے موکل کا نام نہیں لیا، ٹوٹل 31 گواہان ہیں اور ابھی تک صرف تین گواہوں پر جرح ہوئی ہے۔وکیل ملزم نے کہاکہ میرا موکل تین سال میں گزار چکا ہے، کرونا وائرس کی وجہ سے جیلوں کے حالات خراب ہیں۔وکیل ملزم نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ بھی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے چکی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے کہاکہ ہائیکورٹ پہلے ہی ضمانت کے میرٹس مسترد کر چکی ہے، اس کیس میں ملزم کی جانب سے تاخیر ہوئی ہے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے وکیل ملزم کے دلائل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
تازہ ترین