• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفعہ 144 اور پابندیوں کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں جاری، مزید 212 پکڑے گئے

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی پولیس کی جانب سے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری رہیں اور63مقدمات درج کر کے 132افراد کوگرفتار کر لیا گیا۔ اسلام آباد میں بھی متعدد افراد کو دھر لیا گیا۔راول ڈویژن پولیس نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر 23مقدمات درج کر کے67افراد کوگرفتار کیا، پوٹھوہار ڈویژن پولیس نے 24مقدمات درج کرکے41افراد، صدرڈویژن پولیس نے 16 مقدمات درج کر کے 24افراد کو گرفتارکر لیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی پر اب تک 443مقدمات درج کر کے 896افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، پابندیوں کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ راولپنڈی پولیس عوام کی آگاہی کے فرائض بھی سرانجا م دے رہی ہے اس سلسلہ میں مساجد اور فلیگ مارچ کے ذریعے اعلانات کر کے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور مکمل احتیاطی تدابیر اپنانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔راولپنڈی پولیس آگاہی کے ساتھ ساتھ فیس ماسک اور گلوز بھی تقسیم کر رہی ہے،سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس سے بچاؤکے لیے حکومت کی جانب سے لگائی کی پابندیوں پرعملدآمدکوہرصورت یقینی بنایاجائے گااور اس کے لیے تمام وسائل برؤ ے کار لائے جارہے ہیں۔ دریں اثناءڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کی ہدایت پر وفاقی پولیس نے بھی انسداد کورونا وائرس کی عوامی آگاہی مہم شروع کر دی۔پہلے مرحلے میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی طرف سے سیل کئے گئے علاقوں میں مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ پولیس اور رضاکار مل کر مہم چلا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب پولیس کی طرف سے مختلف مقامات پر حفاظتی ماسک اور دستانے بھی شہریوں میں تقسیم کئے گئے۔کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے لاک ڈاون کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی،متاثرہ علاقے کے رضا کاروں اور پولیس اہلکاروں پر مبنی 25 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ہر ٹیم میں تین رضا کار اور ایک پولیس اہلکار شامل ہو گا، ٹیمیں تھانہ رمنا کے تمام علاقوں میں کورونا کے حوالے سے اگاہی دیں گی، دوسری جانب آگاہی مہم کے تحت پولیس کی طرف سے شہریوں کو ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔مختلف مقامات پر شہریوں کو ماسک اور دستانے بھی تقسیم کئے گئے ۔ تمام ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز اپنے اپنے علاقوں میں موجود ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت کر رہے ہیں۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری احکامات کی خلاف ورزی اور کورونا وائرس سے بچاو کی احتیاطی تدابیر نہ اپنانے پر وفاقی پولیس نے گزشتہ24گھنٹوں کے دوران 44مقدمات درج کرکے196 افراد کو گرفتار کرلیا تمام افراد نے دفعہ 144کی خلاف ورزی کی تھی ۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے پیش نظر دفعہ144کا نفاذ ہے ۔شہر بھر میں ڈبل سواری یا پبلک جگہوں پر اکٹھے ہونے پر پابندی ہے ۔۔میڈیکل سٹورز اور اشیائے خوردونوش والے سٹورز کے علاوہ دیگر دکانوں اور کیفے وغیرہ کھولنے پر پابندی ہے۔
تازہ ترین