• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک کا انتظار کئے بغیر زکوٰۃ، صدقات، عطیات دیئے جائیں ‘ علماء کونسل

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی اپیل پر علماء، خطباء، آئمہ مساجد نے جمعہ کے اجتماعات میں کورونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے خطاب کئے۔ جمعہ کے اجتماعات میں کورونا وائرس سے نجات اور امت مسلمہ کی حفاظت کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ علماء اور خطباء نے جمعہ کے اجتماعات میں کہا کہ مسلمان اپنے اعمال کی اصلاح کرتے ہوئے اللہ کی طرف رجوع کریں۔ پاکستانی قوم حکومتی اداروں اور محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر پابندی سے عمل کریں اور وطن عزیز پاکستان کو اس وباء سے محفوظ رکھنے میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ کورونا وائرس کو ہم قومی یکجہتی اور ثابت قدمی سے شکست دے سکتے ہیں۔ مرکزی علماء کونسل پاکستان کے وائس چیئرمین مولانا عبیدالرحمان ، مولانا یار محمد عابد ، پیر جی خالد محمود قاسمی، حافظ محمد شعبان صدیقی ، حافظ شعیب الرحمان قاسمی ، مولانا عبدالمنان عثمانی ، مولانا محمد شاہ نواز فاروقی ، مولانا شبیر احمد عثمانی، حافظ محمد امجد، مفتی حفظ الرحمان بنوری، علامہ حفیظ الرحمان کشمیری، حافظ محمد طیب قاسمی، میاں محمد طیب ایڈووکیٹ ، مولانا خالد محمود سرفرازی، مولانا مشتاق ، مولانا ابوسفیان حنفی، مولانا عثمان طارق، مولانا ثناء اللہ فاروقی، حافظ مقبول احمد ، مولانا عمر قاسمی ، مولانا رسال الدین آزاد ، مولانا سید آصف شاہ بخاری ، طلحہ احمد خان ایڈووکیٹ نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کسی بھی وباء سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی تعلیم دیتا ہے۔ ہر مسلمان کا یہ عقیدہ ہے کہ کوئی مرض یا وباء اللہ تعالیٰ کے حکم کے بغیر کسی کو نہیں لگ سکتی اور وبائی چیزیں انسانوں کے گناہوں کا اثرو نتیجہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نمازوں کی پابندی، گناہوں سے اجتناب اور توبہ و استغفار کثرت سے کیا جائے۔ مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اردگرد کے ماحول میں مستحق افراد کا خاص رکھیں۔ ابھی سے رمضان المبارک کا انتظار کئے بغیر زکوٰۃ، صدقات، عطیات کرنا شروع کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آٹا، چینی و دیگر اشیاء ضروریہ کو ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ غریب عوام کو اشیاء ضروریہ سے محروم کرنے والے قرار واقعی سزا کے مستحق ہیں۔ حکومت کورونا کے خاتمے کے ساتھ ساتھ غریب عوام کیلئے اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کرے۔
تازہ ترین