• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان سے مذاکرات کیلئے افغان حکومت کی ٹیم کا اعلان

افغانستان کی حکومت نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لیے 21 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔

افغان حکومت کی طالبان سے مذاکرات کرنے والی ٹیم میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔

مذاکراتی ٹیم کی سربراہی سابق افغان انٹیلی جنس سر براہ معصوم ستانکزئی Masoom Stanekzai کریں گے۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی پر اتفاق ایک اچھا اقدام ہے۔

خود کو افغان صدر قرار دینے والے عبد اللّٰہ عبد اللّٰہ کی ٹیم کی حمایت سے متعلق واضح نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے اتفاق رائے ہوگیا ہے، فریقین کے مطابق قیدیوں کی رہائی کا عمل 31 مارچ سے شروع ہو گا۔

یہ بھی پڑھیئے: افغانستان میں گوردوارے پر حملہ، ہلاکتیں 25 ہوگئیں

یاد رہے کہ قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان گزشتہ ماہ طے پانے والے امن معاہدے کے تحت بین الافغان مذاکرات سے پہلے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ہونا تھا لیکن افغان صدر اشرف غنی نے امریکا اور طالبان کے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت قیدیوں کی رہائی سے انکار کر دیا تھا۔

طالبان اب اپنے قیدیوں کی شناخت کے لیے ایک تیکنیکی وفد بگرام جیل بھیجیں گے۔

تازہ ترین