• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستحقین میں امداد کی فراہمی وفاق اور صوبے کی ذمہ داری ہے، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ کورونا سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ غریب عوام، مزدور طبقے اور مستحقین میں امدادی اشیاء اور غذائی اجناس کی فراہمی یقینی بنائے، عوام کے لیے مختص اربوں روپے عوام تک شفاف طریقے سے پہنچنا چاہیئے، وفاق اور صوبے کے اقدامات نظر آنے چاہئیں، وزیر اعلیٰ سندھ تمام اسٹیک ہولڈرز کی میٹنگ طلب کریں،الخدمت کے تحت شہر بھر میں 100مقامات پر ہیلپ سینٹرز سرگرم عمل ہیں اور متاثرین کی امداد کے لیے خدمات تیزی سے جاری ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلفٹن نزد تین تلوار جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت قائم غذائی اجناس کے مرکز اور ہیلپ سینٹرز کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے بتایا کہ ضلع جنوبی میں 9ہزارسے زائد خاندانوں میں راشن بیگ اور امدادی اشیاء تقسیم کی جاچکی ہیں جس میں غذائی اجناس کے علاوہ ماسک اور صابن بھی شام ہیں، حافظ نعیم الرحمن نے غذائی اجناس کے مرکز کا دورہ کیا۔ راشن پیکنگ کے عمل میں حصہ بھی لیا۔مرکز سے ضلع جنوبی کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی راشن فراہم کیا جا رہا ہے، حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومتی ریلیف پیکیج کے نچلی سطح پر اصل حقداروں تک تقسیم کے عمل میں اب تحفظات پیدا ہو رہے ہیں، کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کار شہر بھر میں ضرورت مندوں اور مزدور طبقے کے لیے جو اس صورتحال میں سب سے زیادہ متاثر ہو ئے ہیں ان کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،کلفٹن سینٹر سمیت 100مقامات پر الخدمت اور جماعت اسلامی کے ہیلپ سینٹرز مصروف عمل ہیں،ہم نے جناح ہسپتال میں بھی ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کے لیے ضروری اشیاء فراہم کی ہیں۔

تازہ ترین