• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس دبائو سے نمٹنے کیلئے مانچسٹر اور برمنگھم میں دو عارضی ہسپتال قائم کرنے کا اعلان

لندن (پی اے) این ایچ ایس انگلینڈ کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو سے نمٹنے میں مدد کیلئے مانچسٹر اور برمنگھم میں دو عارضی ہسپتال قائم کئے جائیں گے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کے سربراہ سر سائمن اسٹیونز نے کہا کہ نئے اسپتال برمنگھم کے این ای سی اور مانچسٹر کانفرنس سینٹر میں بنائے جائیں گے اور یہ اگلے مہینے میں تیار ہو جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لندن کے ایکسل سینٹر میں بنایا جانے والا ہسپتال اگلے ہفتے استعمال کیلئے دستیاب ہوگا۔ سر سائمن نے یومیہ نیوز بریفنگ میں یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اس طرح کے مزید ہسپتال قائم کریں گے تاکہ کورونا وائرس کے مریضوں کے بڑھتے ہوئے دبائو سے نمٹا جا سکے۔ بی بی سی نے وزارت دفاع کی ایک انٹرنل دستاویز دیکھی ہے، جس میں عارضی ہسپتال قائم کرنے کے فوجی منصوبوں کے بارے میں مزید تفصیلات دی گئی ہیں۔ پہلے مرحلے کے طور پر دارالحکومت لندن کے ایکسییل سنٹر میں قائم ہسپتال میں 4000سے 5000 مریضوں کی گنجائش ہوگی اور یہ ہسپتال اگلے ہفتے سے استعمال کیلئے دستیاب ہو جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں انگلینڈ اینڈ ویلز کیلئے برمنگھم کے نیشنل ایکسپو سینٹر مں ایک عارضی ہسپتال بنایا جائے گا، جس میں 5000 بستروں کی گنجائش ہوگی اور یہ ہسپتال اپریل کے وسط میں استعمال کیلئے کھل جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں مانچسٹر سنٹرل کانفرنس سینٹر (پہلے جی ایم ای ایکس سینٹر) میں قائم کئے جانے والے عارضی ہسپتال میں ایک ہزار بستروں کی سہولت ہوگی اور یہ ہسپتال بھی اپریل کے وسط میں کھل جائے گا۔ علاوہ ازیں کارڈف کے پرنسپلٹی سٹیڈیم کو بھی بطور ہسپتال استعمال کیا جائے گا۔ سر سائمن نے کہا کہ این ایچ ایس یہ یقینی بنانے کیلئے غیرمعمولی کوششیں اور اقدامات کر رہی ہے کہ مریضوں کو ان کی ضروریات کے مطابق دیکھ بھال کی سہولتیں دستیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک انگلینڈ بھر میں ہسپتالوں کی خدمات کو ازسر نو تشکیل دیا ہے تاکہ مزید مریضوں کے علاج کیلئے 33000 بستر دستیاب ہو سکیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم بہت ہی مختصر وقت میں نئے ہسپتال تعمیر کرنے کو یقینی بنا رہے ہیں اور اس کیلئے ایسٹ لندن میں این ایچ ایس نائٹنگل ہسپتال سے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف لندن تک محدود نہیں ہے بلکہ بورے ملک میں پھیلا ہوا ہے۔ اسی لئے میں نے دو این ایچ ایس نائٹنگل ہسپتالوں کی تعمیر کا حکم دیا ہے اور اس طرح کے مزید ہسپتال بھی بنائے جائیں گے۔
تازہ ترین