• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت نے 3100 قیدیوں کی سزا 90 روز کیلئے معطل کردی ،18ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز معاف کردیئے گئے

پنجاب حکومت نے 3100 قیدیوں کی سزا 90 روز کیلئے معطل کردی


لاہور،کوئٹہ،پشاور(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل، نیوز ایجنسیاں) کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے 3100 قیدیوں کی سزا 90 روز کیلئے معطل کردی 18ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز معاف کردیئے گئے جبکہ روزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے 25لاکھ گھرانوں کو 4ہزار روپے فی گھرانہ ادا کیے جائیں گے۔جس کیلئے 10ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روزسے صوبہ میں کورونا وائرس کے82مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بے شمار لوگوں کے روزگار متاثر ہوئے ہیں اورخاص طورپر دیہاڑی دار طبقہ اورمزدور بھائی اس کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ 

ہمیں ان کی مشکلات کا بھر پور احساس ہے،ہم ان کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے حکومت پنجاب انکے ساتھ ہے۔ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبہ بھر میں 10ارب روپے کی لاگت سے 25 لاکھ گھرانوں کو چار ہزار روپے مالی امداد دی جائیگی۔یہ امدادی رقم وفاقی حکومت کے دیگر پیکیج کے علاوہ ہوگی۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف جاری جنگ میں ڈاکٹراور ہیلتھ پروفیشنل ہیروہیں۔ ہم ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفشنلزجوکورونا وارڈز میں کام کررہے ہیں ان کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطورپر اسپیشل الاؤنس دیں گے۔ 

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ401کے تحت پنجاب کی جیلوں میں کورونا وباء کی روک تھا م کیلئے قیدیوں کی90روز کیلئے سزا معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

پنجاب میں تقریباً3100 قیدی مستفید ہونگے۔ اس فیصلے کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پرنہیں ہوگااور انڈرٹرائل قیدیوں کے حوالے سے سفارشات تیار کرلی گئی ہیں اوروہ جلد وفاقی حکومت کو پیش کردی جائینگی۔ 

وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت پنجاب صحافیوں کیلئے پیکیج کا بھی جائزہ لے گی اوران کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریگی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستا ن نے ایم ایس ڈی بلو چستان کے انچار ج کو ماسک اور کٹس چھپانے اور غلط بیانی کرنے پر بر طرف کر کے انکوائری کے احکامات جاری کردئیے۔

تفصیلات کے مطا بق ہفتہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کما ل خان نے فرائض میں غفلت برتنے پر ایڈیشنل ڈائیریکٹر /انچاج میڈیکل سٹور ڈیپارٹمنٹ (MSD) ذوالفقار علی بلوچ کو عہدے سے برطرف کر دیا ان کی بر طر فی اور انکوائری کا نو ٹیفکیشن جا ری کر دیا گیا ۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے اس حوالے سے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر نے ڈی جی ہیلتھ کو ماسکز اور کٹس کے دستیابی کے متعلق تاریکی میں رکھاایم ایس ڈی ا سٹور میں ماسکز اور کٹس کے اسٹاک کو چھپا کر محکمہ کو غلط معلومات فراہم کی گئیںایڈیشنل ڈائریکٹر کو معطل کرکے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے محکمہ صحت میں کالی بھیڑوں کو معاف نہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے نیٹ ورک تک پہنچ کر ملوث افراد کے خلاف کاروائی کے بھی احکامات دئیے ہیں۔ 

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے عوام کےلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے کے بعد وزیر اعلی نے فرنٹ لائن پر ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کےلئے بھی خصوصی پیکیج کی منظوری کا عندیہ دے دیا ہے۔

وزیر اعلی محمود خان کا کہنا ہے کہ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر خدمات انجام دینے والے ہیلتھ ورکز اور دیگر عملے کی بھر پور حوصلہ افزائی اور معاونت کی جائے گی،تجارتی مراکز کو بند رکھنے پر مالکان اور خود کو گھروں تک محدود کرنے پر عوام کا مشکورہوں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا صورتحال کے پیش نظر صوبے کے کمزور طبقے کےلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے کے بعد اس وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے اور دیگر ملازمین کےلئے بھی خصوصی پیکیج کی منظوری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کو اس وبا سے محفوظ کرنے کے لئے دن رات خدمات انجام دینے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں خصوصی پیکیج دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ 

یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کورونا کے خلاف اس جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے ملازمین بشمول طبی عملے، ریسکیو اہلکار، پولیس اور دیگر ملازمین کو اصل ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ان کی شبانہ روز خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صوبائی حکومت حکومت ان ملازمین کی تحفظ اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے ان ملازمین کے حوصلے اور انسانی خدمت کے جذبے پر فخر محسوس کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ قوم کے لئے اپنی گرانقدر خدمات کا یہ سلسلہ آنے والے دنوں میں اسی جوش اور جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ 

وزیر اعلی نے مزید کہا کہ اگر خدانخواستہ دوران ڈیوٹی کوئی بھی اہلکار خود اس وبا سے متاثر ہو کر اپنی جان گنوا بیٹھتا ہے تو حکومت ان کے اہل خانہ اور ان کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ 

وزیر اعلی نے حکومتی کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے تجارتی مراکز بند رکھنے پر مالکان اور خود کو گھروں تک محدود رکھنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ ہم سب مل کر اس وبا کو شکست دینے میں ضرور کامیاب ہونگے۔

تازہ ترین