• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن، ایکسپو سینٹر میں کورونا متاثرین کیلئے میگا اسپتال قائم

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کیلئے درالحکومت لندن کے ایکسپو سینٹر ’’ایکسیل‘‘ میں ماہرین نے سب سے بڑا آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس میں ہزاروں مریضوں کو بیک وقت طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سینٹر میں آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور دیگر ضروری سامان موجود ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی لندن میں قائم ایکسپو سینٹر کو فی الحال ’’این ایچ ایس نائٹ انگیل اسپتال‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس میں چار ہزار بستروں کی سہولت موجود ہے۔ اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ برطانیہ میں اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کیلئے انتظامات موجود نہیں ہیں تاہم این ایچ ایس انگلینڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر سائمن اسٹیونز کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے متاثرین کیلئے 33؍ ہزار بستر موجود ہیں۔ لندن میں اس وقت وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار ہزار بتائی گئی ہے جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 180؍ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ میئر صادق خان نے گزشتہ روز خبردار کیا تھا کہ صورتحال آئندہ چند ہفتوں کے دوران مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ ایکسیل سینٹر میں قائم ایمرجنسی اسپتال میں مریضوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ (آئسولیشن) میں رکھنے کیلئے ایک ایک بستر پر مشتمل ڈبے (کیوبیکلز) بنائے گئے ہیں جبکہ مناسب تعداد میں ایمبولینسز کا انتظام بھی کر لیا گیا ہے۔ عسکری منصوبہ ساز شعبہ صحت کے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
تازہ ترین