• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں تعداد زیادہ وجہ اقدامات میں تاخیر اور بڑا صوبہ ہوناہے، تجزیہ کار

پنجاب میں تعداد زیادہ وجہ اقدامات میں تاخیر اور بڑا صوبہ ہوناہے


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان وجیہہ ثانی کے پہلے سوال پنجاب میں کورونا سے ہلاکتیں اور متاثرہ افراد کی تعداد دیگر صوبوں سے بڑھ گئیں، وجہ دیگر صوبوں کے بہتر اقدامات ہیں یا پنجاب کا بڑا صوبہ ہونا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا متاثرین کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ اقدامات میں تاخیر اور پنجاب کا بڑا صوبہ ہونا ہے ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ میڈیا وزراء کے اسکینڈل سامنے لارہا ہے لیکن وزیراعظم کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں۔محمل سرفراز نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کیسوں میں اضافہ اقدامات میں تاخیر کی وجہ سے ہے، سندھ نے بروقت اقدامات کیے جس کی وجہ سے وہاں تعداد نسبتاً کم ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کورونا سے مقابلہ کی صلاحیت نہیں ہے، پنجاب میں رائیونڈ اجتماع نہیں ہونا چاہئے تھا،پنجاب میں جزوی لاک ڈاؤن پر بھی دیگر صوبوں کی طرح عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ کورونا کے معاملہ پر اقدامات میں سندھ حکومت لیڈ لیتی رہی ہے، پنجاب حکومت نے تمام اقدامات وہی کیے جو سندھ نے کیے تھے، اگلے سات آٹھ دن میں لوگ بھوک سے پریشان ہو کر باہر آسکتے ہیں، ملک سول وار کی طرف چلا جائے گا کورونا ترجیح نہیں رہے گا۔ بینظیر شاہ نے کہا کہ پنجاب میں کورونا متاثرین کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ اقدامات میں تاخیر اور پنجاب کا بڑا صوبہ ہونا ہے، سندھ کے مقابلہ میں پنجاب تقریباً آدھے ٹیسٹ کررہا ہے، پنجاب میں جیسے جیسے ٹیسٹ بڑھیں گے کورونا کیسوں کی تعداد بھی بڑھے گی، کورونا کے معاملہ پر وفاق اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن دیکھنے میں نہیں آرہا ہے، وزیراعظم سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مل کر اقدامات کریں۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ کورونا اس وقت بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، یہ صبر، برداشت اور ایک دوسرے کی مدد کے دن ہیں، کسی ملک میں حکومتوں نے مذہبی اجتماعات پر پابندی لگاتے ہوئے علماء سے نہیں پوچھا، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے درخواست ہے کہ ڈٹ کر فیصلے کریں، وزیراعظم لیڈ کریں تمام صوبے ایک ہوجائیں سیاست بعد میں بھی ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین