• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا بحران، 300؍ برطانوی شہری پاکستان میں پھنس گئے،برطانوی اخبار

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کے بحران کے باعث پاکستان میں پھنس جانے والے برطانوی شہریوں نے اپنے ملک کی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ دیگر ملکوں سے برطانوی شہری واپس برطانیہ پہنچ رہے ہیں تاہم پاکستان میں انہیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، سوہاما منظور خان کا تعلق لیڈز سے ہے۔ وہ شاعرہ ہیں اور پاکستان میں پھنس گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تقریباً 300؍ برطانوی شہری پھنسے ہوئے ہیں جن میں برطانوی شعبہ صحت این ایچ ایس کا اہم عملہ، بوڑھے اور بچے بھی شامل ہیں۔ ایسے لوگ بھی ہیں جو بیمار ہیں اور ان کی دوائیں ختم ہونے کو ہیں۔ سوہاما کہتی ہیں کہ انہیں برطانوی حکام نے بتایا تھا کہ گزشتہ ماہ چھٹیاں منانے کیلئے پاکستان جانے والے ہزاروں برطانوی شہریوں کو واپس برطانیہ لانا ان کیلئے ممکن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر سب کو واپس لیجانا ممکن نہیں تو بوڑھے اور طبی امداد کے منتظر لوگوں کو فوری واپس لیجانے کا انتظام کیا جائے۔ پاکستان میں پھنسے برطانوی شہریوں کو اس بات پر بھی غصہ ہے کہ چین اور پیرو میں پھنسے برطانوی شہریوں کو واپس لیجانے کیلئے انتظامات کیے گئے تاہم پاکستان کیلئے ایسا نہیں کیا گیا۔ پاکستان میں پھنسے این ایچ ایس اسٹاف کے رکن عماد فاروق ہیں۔ وہ رائل لیورپول اسپتال میں ریڈیو لاجسٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وطن واپس جانا اشد ضروری ہے۔
تازہ ترین