• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
محمود شام
ہے اہل ذوق یہ تنہائی کچھ دنوں کیلئے
رکی ہے انجمن آرائی کچھ دنوں کیلئے
مصافحے بھی سرعام ہونگے جپھی بھی
ہے امتناع شناسائی کچھ دنوں کیلئے
طواف سعی نوافل اسی طرح ہونگے
عبادتوں میں ہے پسپائی کچھ دنوں کیلئے
گلاب چہرے کھلیں گے روش روش پھر سے
چھنی ہے شہر سے رعنائی کچھ دنوں کیلئے
سکول گونجیں گے بچوں کی کھلکھلاہٹ سے
دبا ہے شور توانائی کچھ دنوں کیلئے
نہ جانے کتنے سمندر ہوں ایک قطرے میں
ملی ہے فرد کو یکجائی کچھ دنوں کیلئے
کھلیں گے سب پہ خود اپنے وجود کے اسرار
زہے نصیب یہ شنوائی کچھ دنوں کیلئے
تازہ ترین