امریکا میں کورونا وائرس سے ایک ہی روز میں مزید 525 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد کُل اموات کی تعداد 2 ہزار 227 ہو گئی ہے۔
امریکا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر سوا لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب نیویارک کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیویارک، نیو جرسی اور کینے ٹی کٹ کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ان ریاستوں کو قرنطینہ قرار دینا ضروری نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: پاکستان میں کورونا کے 1504 مریض
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ نیویارک شہر، نیوجرسی اور کینے ٹی کٹ کے بعض علاقوں کو قرنطینہ قرار دیا جائے گا۔
نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان نیویارک کے خلاف اعلانِ جنگ قرار دے دیا تھا جس کے بعد ٹرمپ کو اپنا بیان واپس لینا پڑ گیا تھا۔