• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: رات کی تاریکی میں نظم وضبط کے ساتھ راشن کی فراہمی

کراچی: رات کی تاریکی میں نظم وضبط کے ساتھ راشن کی فراہمی


کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے موقع پر مخیر حضرات کی جانب سے غریبوں میں راشن تقسیم کرنے کے دوران کراچی بھر میں چھینا جھپٹی اور بدنظمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

 کورونا وائرس کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر کو بالائے طاق رکھ کر ہزاروں افراد مختلف مقامات پر جمع ہوجاتے ہیں جہاں غیر معمولی بداحتیاطی دیکھنے میں آ رہی ہے ایسے میں کراچی کے ضلع غربی کے ایک ایس ایچ او نے راشن کی تقسیم کا بہترین طریقہ اپنا کر غریبوں کی ناصرف حقیقی مدد کی ہے بلکہ سفید پوش خاندانوں کی عزت نفس کو مجروح ہونے سے بھی بچایا ہے۔

 کراچی میں لاک ڈاؤن کے پیش نظر عوام کی حالت زار دیکھتے ہوئے کسی مخیر شخص نے دو سو خاندانوں کے لیے ایک مہینے کے راشن کا بندوبست کرکے پاکستان بازار تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر اقبال حسین تنیو کے حوالے کیا۔

ایس ایچ او نے عوام کی عزتِ نفس اور وباء کے پھیلاؤ کے حوالے سے حفاظتی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے رات کی تاریکی میں خاموشی سے لوگوں کے گھروں تک راشن پہنچانے کی ذمہ داری قبول کی اور احسن طریقے سے راشن کی تقسیم کی۔

 اقبال حسین تنیو کے مطابق انہوں نے غریب آبادی میں اپنے طور پر گھروں کا تعین کیا اور رات گئے ان کے گھروں کے دروازہ کھٹکھٹا کر راشن پہنچا رہے ہیں۔

پولیس اہلکاروں کے اُس طریقہ کار کو لوگ پسند کر رہے ہیں جس نے مخیر افراد اور تنظیموں کو اس طریقہ کار پر عمل کرنے کی راہ دکھائی ہے۔

تازہ ترین