• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی وے پٹرول پمپ بند نہیں ہونگے، بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ کو نہ روکنے کی ہدایت


کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر کی جانب سے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موجود صورتحال کے پیش نظر بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ کو نہیں روکا جائے گا تاکہ معیشت کا پہیہ جام نہ ہو اور گڈز کی ترسیل میں پریشانی کا سامان نہ کرنا پڑے،ہائی وے پر موجود پٹرول پمپ بند نہیں کروائے جائیں گے تاکہ فیول کی فراہمی کے لیئے گڈز ٹرانسپورٹ کو دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے تاہم ایسے پٹرول پمپس سے منسلک چائے خانے بند رہیں گے انکو ہر گز کام کرنے کی اجازت نہیں ہے،تمام پولیس ملازمین حفاظت کے لیئے ماسک کا استعمال کریں گے اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل در آمد یقینی بنائیں گےلیکن یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ پولیس اہلکار سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو زبردستی ماسک پہننے پر مجبور کر رہے ہیں،ایسے کسی عمل کی ضرورت نہیں ہےاور لوگوں کو ماسک کی تجویزکرنے کے لیئے ڈاکٹرز موجود ہیں،ناکے اور روڈ پر دوران ڈیوٹی پولیس ملازمین اور افسران دوسرے شخص سے 3سے4 فٹ کے فاصلے پر مخاطب ہوں گےاور چیکنگ کریں گے، احتیاطی طور پر یہ محفوظ فاصلہ رکھنا ضروری ہے،تمام فیلڈ کمانڈرز ان ہدایات پر سختی سے عمل کروائیں گے،علاوہ ازیں ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے شہر کے مختلف مقامات دورہ کرکے شہر کا جائزہ لیا اور اہلکاروں سے ملاقات اور انکی حوصلہ افزائی کی ، انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کو شہریوں کیساتھ نرمی سے پیش آنے کی ہدایت کی ہے،انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر اب تک 350مقدمات درج کیے گئے ہیں، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں سے بھی ملاقات کی ، انہوں نے کہا کہ ناکوں پر تعینات اہلکاروں کی ڈیوٹی8گھنٹے کر دی ہے،کچھ مقامات پر مزید سختی کی ہے،گرمی میں ڈیوٹی کرنے والے فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں،انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بنا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

تازہ ترین