• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حوثی باغیوں کا میزائل حملہ ناکام بنا دیا، سعودی عرب

حوثی باغیوں کا میزائل حملہ ناکام بنا دیا، سعودی عرب


ریاض (جنگ نیوز) سعودی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے دفاعی فضائی نظام نے حوثی باغیوں کے 2بیلسٹک میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا ہے، بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل حملے سعودی شہروں ریاض اور جزان پر کیے گئے ، میزائل کے ملبے سے دو شہری زخمی ہوئے تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، حوثی باغیوں نے میزائل حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فوجی اتحاد کے نمائندے لیفٹیننٹ کرنل محمد الحمادی نے بتایا کہ یہ واقع ہفتے کی شب پیش آیا جس میں ریاض کی سول دفاعی ٹیموں نے حوثی باغیوں کے میزائل کو تباہ کیا اور اس کے ملبے کو ٹھکانے لگایا، سعودی العربیہ ٹی وی کے مطابق میزائل کو امریکی دفاعی میزائل نظام پیٹریاٹ سے تباہ کیا گیا۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد الحمادی نے کہا ہے کہ واقعے میں دو شہری میزائل کے گرتے ہوئے ملبے سے زخمی ہوئے کیونکہ ان میں سے ایک رہائشی علاقے کے اوپر آسمان میں تباہ ہوا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ واقعے سے تیار کردہ حکمت عملی کے مطابق نمٹا گیا۔حوثی باغیوں کے خلاف برسرِپیکار سعودی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ ملک کے وسط میں واقع ریاض، اور جنوب مغرب میں یمن کے ساتھ سرحد کے عین شمال میں واقع جزان شہر پر گرنے والے میزائل کے چھرّوں سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔ترجمان نے اس کا الزام حوثیوں کے ساتھ ساتھ ایران کے پاسدارانِ انقلاب پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں گروہوں کی جانب سے اس وقت میزائل حملے سے واضح ہوتا ہے کہ اس گروہ اور اس کی حامی ایرانی حکومت سے کتنا بڑا خطرہ لاحق ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حملہ ان کی جانب سے جنگ بندی کا خیر مقدم کرنے کے بیان سے متضاد ہے۔یاد رہے کہ حوثی باغیوں نے سنہ 2015 میں یمن کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا، جس کے بعد اسی سال مارچ میں سعودی اتحاد نے ان کے خلاف کارروائی شروع کی جس کے نتیجے میں یمن کے ساحلی علاقوں کا کنٹرول حوثیوں سے واپس لے لیا گیا۔

تازہ ترین