• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ میں کورونا سے41 ہلاکت، سیکڑوں افراد کے ٹیسٹ مثبت آگئے

گلاسگو(طاہر انعام شیخ) سکاٹ لینڈ میں کرونا وائرس سے اب تک41اموات ہوچکی ہے کل 13133 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور ان میں 1384 میں کرونا کے جراثیم پائے گئے، سکاٹ لینڈ کی چیف میڈیکل آفیسر کتھرائن کالدرڈو کا کہنا ہے کہ کرونا کے مریضوں کی اصل تعداد 65ہزار سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے، لیکن ان افراد کو اس بات کا علم ہی نہیں کہ وہ اس مرض کا شکار ہوچکے ہیں، لہذا عوام کے لئے بہتر یہی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں اور دو سے زیادہ کی تعداد میں جمع نہ ہو، سکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولاسٹرجن نے کہا ہے کہ اگر آپ کرونا کو کنٹرول کرنے کے سلسلہ میں ہماری مدد کرنا چاہتے ہو تو اسکا بہترین طریقہ یہی ہے کہ سوائے اشد ضرورت کے گھر سے باہر نہ نکلیں، سکاٹ لینڈ میں لاک ڈائون کے سلسلہ میں پولیس کو نئے اختیارات دیئے گئے ہیں، اگر کسی جگہ دو سے زیادہ افراد جمع ہوتے ہیں یا ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ نہیں رکھتے تو پولیس ان کو گھر بھیج سکتی ہے، یا پھر جرمانہ کرسکتی ہے اس سلسلہ میں پہلا جرمانہ گلاسگو کے پونک پارک میں چار افراد کو فکسڈ پنیلٹی ٹکٹ دے کر کیاگیا ہے۔پابندیاں فوری ختم ہونے کے امکانات نظر نہیں آتے اور خیال ہے کہ یہ پابندیاں 13ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہیں ،دو یا تین ہفتوں میں کورونا وائرس کے اپنی انتہا تک جانے کے امکانات ہیں ،وائرس کے سب سے زیادہ مریض لندن میں پائے گئے ہیں ۔سکاٹ لینڈ میں لندن کے نائٹ اینگل فیلڈ اسپتال کی طرح عارضی اسپتال بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ، لیکن فی الوقت انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ابھی خاصی گنجائش ہے مزید وینٹی لیٹرز کا بھی انتظام کیا جارہا ہے ہنگامی صورتحال میں ایگزی بیشن سینٹر کو بھی ہنگامی اسپتال میں تبدیل کرنے کا پروگرام ہے ، سکاٹ لینڈ کی چیف میڈیکل آفیسر کیتھرائن کالڈروڈ نے کہا ہے کہ مختلف حلقوں کی طرف سے یہ اندازے لگائے جارہے ہیں کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد دو لاکھ ساٹھ ہزار سے بھی بڑھ سکتی ہے لیکن اگر حفاظتی اقدامات پر عمل کیا جائے تو یہ نوبت نہیں آئے گی ۔

تازہ ترین