• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیملیزفیصلہ کریں کوروناوائرس کی وباکےدوران پیاروں کی موت گھر یاہسپتال میں

لندن (پی اے) ایک طبی ماہر نے کہا ہے کہ فیملیز کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ اگر ان کے پیارے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں تو ان کی موت گھر پر ہو یا این ایچ ایس کے بستر پر۔ معروف طبی ایکسپرٹ کا کہنا ہے کہ وبا سے عمومی طور پر معمر افراد متاثر ہو رہے ہیں، قریبی عزیزوں کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا وہ انہیں زندہ رکھنے کیلئے قیمتی وینٹی لیٹرز استعمال کرنے کے خواہشمند ہیں۔ برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن (بی ایم اے)کی ایتھکس کمیٹی کی رکن بیرونس فنلے کا کہنا ہے کہ اب اس بحث کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ فیصلہ کا تعلق ضرورت اور فائدہ کی گنجائش سے ہے اور جب ہم کسی ایسے شخص کے بارے میں گفتگو کر رہے ہوں جس کو دیگر بہت سے امراض ہوں تو انتہائی نگہداشت کے شعبہ یا ایک وینٹی لیٹر پر فائدہ کی گنجائش بہت کمزور ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ایک چیز ایسی ہے جو آبادی میں سے ہر ایک کو کرنی چاہئے، اپنی فیملی کے پیاروں سے اہم گفتگو۔ بیرونس نے آخرکار بحران میں ترجیحات کے بارے میں این ایچ ایس سٹاف کیلئے مشکل فیصلوں کیلئے گائیڈ لائنز کا خاکہ مرتب کر دیا ہے۔ بیرونس فنلے نے مزید کہا کہ جو لوگ متاثر ہیں انہیں خود سے سوال کرنا چاہئے کہ اگر کوئی شخص وائرس میں مبتلا ہو کر صحت یاب نہ ہو رہا ہو اور وہ اسے ہسپتال بھی نہیں لے جانا چاہتے اور وہ اسے وینٹی لیٹر پر بھی نہیں رکھنا چاہتے تو یہ انتہائی اہم ہے کہ ہر ایک اس سے واقف ہو۔ ہیلتھ باسز نے 33000 ہاسپیٹل بیڈ خالی رکھنے اور بحران سے نمٹنے کیلئے ایک نئے ہسپتال کی تعمیر میں 24 گھنٹے کام کیا ہے۔ آنے والے ہفتوں میں وینٹی لیٹر کی موجودہ گنجائش 8000 سے دگنی ہو جائے گی۔ بی بی سی کے اینی کوئسچین پر گفتگو کرتے ہوئے بیرونس فنلے نے کہا کہ یہاں ایسے لوگ بھی ہو سکتے ہیں جن کی عمریں بہت ہیں مگردرحقیقت وہ نہایت چاق و چوبند ہیں، انہیں کوئی اور بیماری نہیں ہے اور یہ نظر آتا ہے کہ مداخلت سے انہیں فوری فائدہ ہو سکتا ہے تو پھر مناسب بات ہوگی۔ منصفانہ طور پر وسائل کو مختص کرنے کی بات کی جائے تو عمر یا معذوری کوئی نکتہ نہیں بلکہ یہ دیکھا جانا چاہئے کہ کیا یہ سودمند ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ امپیریل کالج لندن پر ماہرین شماریات نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے اموات کے ابتدائی خدشات کے تخمینے 260000 کے برعکس 5700 تک اموات ہو سکتی ہیں۔
تازہ ترین