• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

101سالہ اطالوی شخص کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگیا

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) اٹلی کے علاقے رمنی کا ایک 101سالہ شخص کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگیا، جس کے بعد اسے ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔ اٹلی کے میڈیا نے اس کی شناخت خفیہ رکھنے کیلئے اس کا نام ظاہر نہیں کیا ہے اور اس کا علامتی نام پی لکھا ہے۔ معمر شخص کا کورونا کا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا لیکن بعد میں اس میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی اور بعد میں اس کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا، جس کے بعد اسے ہسپتال سے فارغ کردیاگیا۔ اس کی صحتیابی پوری دنیا میں اس وائرس کا شکار ہونے والے معمر افراد کیلئے امید کی ایک کرن کی حیثیت رکھتی ہے، کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمر سے قطع نظر اس وائرس کے شکار افراد صحتیاب ہوسکتے ہیں۔ کورونا وائرس کے بارے میں تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس سے قبل چین کے صوبے ووہان سے تعلق رکھنے والی ایک 103 سالہ خاتون ژہانگ گوانگ فین بھی ہسپتال میں داخل کئے جانے کے ایک ہفتے کے اندر صحتیاب ہوچکی ہیں۔ اسی طرح جنوبی کوریا میں ایک 97 سالہ خاتون اس وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکی ہیں۔ اٹلی میں مسٹر پی کی صحتیابی ایک بڑی خبر ہے، کیونکہ اٹلی میں اس وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والوں میں 86 فیصد افراد 70 سال سے زائد عمر کے لوگ ہیں، 1919 میں پیدا ہونے والے مسٹر پی اس سے قبل پھیلنے والے اسپینش فلو کا بھی شکار ہو کر صحتیاب ہوچکے ہیں۔ اسپینش فلو سے 500 ملین افراد متاثر ہوئے تھے۔ رمنی کی ڈپٹی میئر گلوریا لیزی کا کہنا ہے کہ مسٹر پی کی صحت یابی ایک معجزہ ہے۔ مسٹر پی کے اہل خانہ انھیں گزشتہ شام گھر واپس لے گئے، ان کی صحتیابی سے ثابت ہوگیا کہ 101 سال کی عمر میں بھی امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔
تازہ ترین