• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کٹ تیار کرنے کیلئے ابتدائی ٹیسٹ کامیاب ہوگئے‘فواد

کورونا کٹ تیار کرنے کیلئے ابتدائی ٹیسٹ کامیاب ہوگئے‘فواد 


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاہے کہ مقامی سطح پر کوروناکٹ تیار کرنے کیلئے ابتدائی ٹیسٹ کامیاب ہوگئے ہیں‘ یہ ٹیسٹنگ کٹس حتمی جانچ کیلئے ڈریپ کو بھجوادی گئی ہیں‘ مقامی سطح پر تیار کردہ ٹیسٹنگ کٹس کے نتائج پانچ سے سات گھنٹے میں مل جایا کریں گے اس کی قیمت بھی کم ہوگی جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اب تک کورونا کے 15ہزار کے قریب ٹیسٹ ہوچکے ہیں ، ٹیسٹنگ بڑھانے کی ضرورت ہے جس کیلئے پالیسی ہونی چاہئے،ٹیسٹ بڑھانے کیلئے ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں مزید کٹس لینے کی بھی کوشش کررہے ہیں، اپریل کے وسط تک خود بھی ٹیسٹ کٹس کی پروڈکشن شروع کردیں گے، آنے والے دنوں میں لاکھوں کی تعداد میں کٹس دستیاب ہوجائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’نیاپاکستان شہزاداقبال کے ساتھ ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلے اور آئسولیشن کے حکومتی اقدامات پر سوفیصد عمل نہیں ہورہا اس کے باوجود مثبت نتائج آرہے ہیں، ابھی نہیں بتاسکتے کہ کتنے دنوں تک یہ اقدامات برقرار رکھنا ہوں گے، صورتحال دیکھتے ہوئے آئندہ حکمت عملی تبدیل کرتے جائیں گے، اگر مکمل لاک ڈاؤن کردیا جائے تو ہمیں یہ نہیں پتا کہ کتنے عرصے یہ حالات رہیں گے اور لوگوں کی زندگیوں اور روزگار پر اس کے کیا اثرات ہوں گے، ایران سے زائرین واپس لانے کے علاوہ کوئی چوائس نہیں ، تفتان سرحدپر تھوڑے سے زائرین رہ گئے ہیں‘ تفتان میں قرنطینہ میں تمام سہولیات نہیں تھیں، تفتان ایک لق و دق ویرانہ ہے جہاں ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ مقامی سطح پر کورونا ٹیسٹنگ کٹ تیار کرنے کیلئے ابتدائی ٹیسٹ کامیاب ہوگئے ہیں، یہ ٹیسٹنگ کٹس حتمی ٹیسٹ کیلئے ڈریپ کے پاس چلی گئی ہیں ، مقامی سطح پر تیار کردہ ٹیسٹنگ کٹس کے نتائج پانچ سے سات گھنٹے میں مل جایا کریں گے اس کی قیمت بھی کم ہوگی، چین سے بھی ٹیسٹنگ کٹس مل رہی ہیں اس سے ہماری ٹیسٹنگ صلاحیت میں اضافہ ہوجائے گا۔

تازہ ترین