• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحریہ ٹائون نے بھارہ کہو کو وائرس فری بنانے کا آغاز کر دیا

بحریہ ٹائون نے بھارہ کہو کو وائرس فری بنانے کا آغاز کر دیا


اسلام آباد (حنیف خالد) چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو علی ریاض ملک نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے عہدہ برآ ہونے والے قومی ادارے (National Disaster Management Authority) اور ضلعی انتظامیہ جہاں جہاں کورونا وائرس کے سلسلے میں جراثیم کش سپرے کلورین والے پانی سے علاقے کو دھونے سمیت عوام کے وسیع تر مفاد میں جو عملی اقدامات کرنے کو کہے گی بحریہ ٹائون ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اور کورونا وائرس کی وباء کے خاتمے کیلئے کریگا۔ انہوں نے جنگ کو بتایا کہ ہم نے این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور انکی ٹیم کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت کی اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری کی انتظامیہ سے فہرستیں مانگی ہیں کہ کون کون سے علاقے کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہیں‘ جہاں بحریہ ٹائون کو چین کی طرح سپرے اور صفائی کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کو حسب وعدہ وفاقی دارالحکومت سے منسلک بھارہ کہو کے میل ہا میل علاقے جہاں لاکھوں لوگ آباد ہیں وہاں بحریہ ٹائون کے آٹھ فائر بریگیڈ اور چالیس سے زائد واٹر بائوزرز کے ذریعے انکے سینکڑوں ملازمین نے قومی جذبے کے ساتھ بھارہ کہو کی ساری مری روڈ کو کلورین ملے پانی کے ساتھ بالکل صاف کر دیا اور اسی کے ساتھ ساتھ این ڈی این اے نے جس برینڈ کا کیمیکل تجویز کیا اسی کیمیکل سے علاقے میں جدید مشینری کے ساتھ سپرے کرنے کا سلسلہ پورا دن جاری رکھا۔ ملک ریاض حسین کے پی ایس او کرنل خلیل اور دوسرے رفقاء نے دن بھر کے آپریشن کی نگرانی کی۔ اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ پورا بھارہ کہو منگل کی شام تک وائرس فری بنا دیا جائیگا۔ چھوٹی گلیوں میں جہاں بڑی گاڑیاں نہیں پہنچ سکتیں اس کیلئے چھوٹی گاڑیوں کا بندوبست کر دیا گیا ہے اور چھوٹی گاڑیوں سے جراثیم کش کیمیکل کا سپرے کیا جائیگا۔ وہاں بھی پہلے گلیوں کو دھویا جائیگا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارہ کہو کے بعد شہزاد ٹائون میں یہ پراجیکٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے ایچ نائن کی کچی بستیوں میں بھی کلورین ملے پانی کو استعمال کر کے پہلے صاف کیا جائیگا اور پھر این ڈی ایم اے کا تجویز کردہ کیمیکل کا جدید ترین مشینری سے سپرے کیا جائیگا۔ بھارہ کہو آپریشن ٹریفک میں خلل ڈالے بغیر اتوار کو شام پانچ بجے تک کیا جاتا رہا۔ اب یہ پیر منگل کو بھی جاری رکھا جائیگا۔ بتایا گیا ہے کہ اس آپریشن میں درجنوں بائوزرز کے علاوہ ایک درجن کے لگ بھگ جدید ترین فائر بریگیڈ کی گاڑیاں استعمال کی گئیں۔ آج اور کل بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ بحریہ ٹائون کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور اسلام آباد کے چیف کمشنر عامر علی احمد اور ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات جو مشترکہ فہرست بنا کر دینگے بحریہ ٹائون ان تمام علاقوں میں کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے اسی کیمیکل کا سپرے کریگا جسے استعمال کر کے چین نے اپنے شہر ووہان کو وائرس فری بنایا ہے۔ بحریہ ٹائون کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ بحریہ ٹائون کورونا وائرس کی شکل میں آنے والی قدرتی وباء سے پاکستانی عوام کو بچانے کیلئے وسائل کی کمی محسوس نہیں ہونے دیگی۔ ہمارا سب کچھ پاکستان اور پاکستانی قوم کیلئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈائون کے نتیجے میں این ڈی ایم اے ہمیں جن جن علاقوں میں دو وقت کا کھانا پہنچانے کیلئے کہے گا بحریہ ٹائون وہاں پر دستر خوان کھول دیگا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2005ء کے تاریخی زلزلے میں کم و بیش ایک لاکھ انسان لقمہ اجل بنے اور انکے کاروبار تباہ ہو گئے۔ زلزلہ زدگان کیلئے اسلام آباد کے تمام ہسپتال اور کیمپ لگائے گئے۔ اس کارخیر میں بحریہ ٹائون کا کردار سرفہرست رہا۔

تازہ ترین