• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اجناس کی ترسیل یقینی نہ بنائی جا سکی‘ عوام گرانفروشوں کے رحم و کرم پر

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) کورونا وائرس لاک ڈائون میں گھرے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ 2018ء کے انتخابات میں مکمل کامیابی حاصل کرنے والی حکمران جماعت کے مقامی قیادت بھی خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہی ہے۔ اسلام آباد میں اشیائے خوردو نوش مہنگے داموں فروخت جاری ہے‘ وفاقی دارالحکومت کے اکثر مقامات جن میں کھنہ پل، ضیاء مسجد، ترلائی، علی پور، کورال، پی ڈبلیو ڈی، سواں گارڈن، گولڑہ، سنگجانی، شاہ اللہ دتہ، ترنول اور سہالہ سمیت دیگر نواحی علاقوں میں آٹا منہ مانگی قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ چائے کی پتی کے ایک کلو ہزار گرام پیک کو انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے ہزار گرام کی بجائے نو اور ساڑھے نو سو گرام کر دیا گیا ہے اور قیمتوں میں بھی چند سالوں میں دوگنا اضافہ ہو چکا۔ تمام دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سفید لوبیہ 220روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ سبزیاں اور فروٹ من مانی قیمتوں پر فروخت ہو رہے ہیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15روپے لٹر تک کمی کی ہے اسکے باوجود قیمتوں میں شتر بے مہار اضافہ سمجھ سے باہر ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہونگی۔ تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں منہ مانگا اضافہ سامنے آیا ہے جو انتظامیہ کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے۔ وافر مقدار میں اجناس کی موجودگی اور ترسیل یقینی بنانے کے حکومتی اعلانات کے باوجود انتظامیہ نے عوام کو گراں فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ شہریوں کے مطابق حکومت کی جانب سے اس مافیا کیخلاف کارروائی نہ کرنا کسی لمحہ فکریہ سے کم نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے انتظامی عہدوں پر تعینات افسران کیخلاف کام چوری پر ایکشن نہ لیا تو جلد عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائیگا جس کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف فوری سخت ایکشن لیا جائے اور ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے عوام کو ریلیف مل سکے جبکہ سیاسی قیادت بھی اپنا فرض ادا کرے اور شہر میں گھوم پھر کر شہریوں کی مشکلات کم کرنے میں اپنا فرض ادا کریں۔ ادہر ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ اے سی اور مجسٹریٹ چیکنگ کر رہے ہیں۔ شہریوں کو قیمتوں کے حوالے سے شکایت ہو تو ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبر 051-9108084پر شکایات نوٹ کروائیں اس کا فوری ازالہ کیا جائیگا۔
تازہ ترین