• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلط فیصلے نا قابلِ تلافی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں ،مصطفیٰ کمال

لاہور(وقائع نگار خصوصی) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ لوگ اپنے اطراف ضرورت مندوں کی مدد کریں. موجودہ حالات میں حکمرانوں کی جانب سے لیا گیا ہر فیصلہ عوام کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، صحیح وقت پر صحیح فیصلے عوام کو قومی سانحے سے بچا سکتے ہیں اور غلط فیصلے نا قابلِ تلافی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سمیت چاروں وزراء اعلیٰ کو بلدیاتی نمائندوں کو با اختیار بنا کر عوام کے لیے ریلیف کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ یہ وقت باہمی اختلافات اور سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالنے کا ہے۔ اگر حکمران ایسا نہیں کریں گے تو انکے غلط فیصلوں اور ذاتی اناؤں کا نقصان پوری قوم کو ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کارکنان کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 84 ہزار بلدیاتی نمائندے موجود ہیں جن کے ہوتے ہوئے ناتجربہ کار ٹائیگر فورس کا قیام سمجھ سے بالا تر ہے، جتنا مؤثر گلی محلوں میں منتخب عوامی نمائندے ثابت ہو سکتے ہیں اتنا کوئی اور رضا کار نہیں۔ امریکا، چین اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تمام وسائل بلدیاتی حکومتوں کی ایماء پر مختص کر کے اس وباء کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ ہمیں بھی یہی کرنا ہوگا ورنہ وباء پر قابو نہیں پا سکیں گے نیز بھوک سے زیادہ اموات ہونگی۔ امریکی صدر اپنی انا ایک طرف رکھ کر چین کے صدر سے بات کرچکے، وزیراعظم عمران خان امریکا سے تو ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے اور بات چیت کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن خود اپوزیشں کی سفارشات براہِ راست سننے کے لئے بھی تیار نہیں ہیں۔ ہم وزیراعظم یا کسی وزیر اعلیٰ کی نیت پر شک نہیں کر رہے لیکن یہ وقت سب کو ایک قوم کی طرح ساتھ لے کر چلنے کا ہے۔
تازہ ترین