• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‏ٹوکیو اولمپکس کیلئے تیاری کا مزید موقع مل گیا، ارشد ندیم

ساؤتھ ایشین گیمز ریکارڈ ہولڈرز  جیولین تھرور ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے لیے تیاری کا مزید موقع مل گیا ہے۔

‏ ارشدندیم نے گزشتہ برس کھٹمنڈو میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز میں نئی تاریخ رقم کی اور انہوں نے نئے ریکارڈ کے ساتھ نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی بھی کیا۔ 

ارشد ندیم کو کورونا وائرس کے باعث بڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ارشد ندیم کو دوسرے ایتھلیٹس کے ساتھ چین جا کر ٹریننگ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا لیکن ارشد ندیم اور دوسرے ایتھلیٹس کوکورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث چین سے ٹریننگ چھوڑ کر وطن واپس آنا پڑا، کچھ روز آرام کے بعد ارشد ندیم نے مارچ کے آغاز میں لاہور کے نیشنل کوچنگ سنٹر میں رہتے ہو ئے ٹریننگ کا آغاز کیا لیکن پھر کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کے طور پر کھیلوں کی سرگرمیاں التوا ء کا شکار ہونے لگیں۔ 

نیشنل کوچنگ سینٹر کو بند کر دیا گیا اور پھر ارشد ندیم کو اپنے گھر واپس جانا پڑا، ارشد ندیم اپنی ٹریننگ جاری رکھے ہو ئے تھے کہ پھر کورونا وائرس کے باعث ٹوکیو اولمپکس کو ہی ملتوی کر دیا گیا۔

ارشد ندیم کہتے ہیں کہ موجودہ صورت حال کا سب کو سامنا ہے ہے، ہر کوئی متاثر ہو رہا ہے، کھلاڑی بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ حالات جلد بہتر ہوں گے اور کورونا وائرس کی وبا سے جلد چھٹکارا پائیں گے لیکن اس کے لیئے بہت ضروری ہے کہ جو احتیاطی تدابیر ہمیں بتائی جا رہی ہیں ان پر سختی سے عمل کریں اور گھروں میں رہیں، میل جیل کم رکھیں اسی سے ہم اس وائرس کے خلاف لڑ سکتے ہیں۔

ارشد ندیم کہتے ہیں کہ ٹوکیو اولمپکس کے لیے تیاری اچھی جا رہی تھی اور مجھے امید تھی کہ میں ملک کا نام روشن کروں گا اور اسی ٹارگٹ کے ساتھ میں ٹریننگ کر رہا تھا اب جبکہ ٹوکیو اولمپکس ملتوی ہو گئے ہیں تو مجھے اب مزید اچھی ٹریننگ کا موقع مل گیا ہے میں پر امید ہوں کہ حالات جلد اچھے ہوں گے کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوں گی اور میں ٹوکیو اولمپکس کے لیے بیرون ملک جا کر بھی ٹریننگ کرنے کے قابل ہوں گا۔ 

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن ٹوکیو اولمپکس کی تیاری کے لیے بہت تعاون کر رہی ہے، میں ٹوکیو اولمپکس کے ملتوی ہونے کی وجہ سے ریلیکس نہیں ہوا بلکہ اس وقت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا اور محدود ہونے کے باوجود پہلے کی طرح محدود ٹریننگ کرتا رہوں گا۔

تازہ ترین