• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پیکیج کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انصاف امداد پیکیج جلد شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مستحق خاندانوں کو مالی امداد کی تقسیم جلد شروع کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 25 لاکھ مستحق خاندانوں کو 4 ہزار روپے کی مالی امداد دیں گے، اصل حقدار تک مالی امداد پہنچائیں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پیکیج کیلئے 10 ارب روپے مختص کر دیئے، وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پیکیج کی رقم وفاقی حکومت کے ریلیف پیکیج کے علاوہ ہو گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انصاف امداد پیکیج کے تحت مالی امداد ملنے سے دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف ملے گا، انصاف امداد پیکیج کے تحت درخواستیں آن لائن لی جائیں گی، کوائف کی تصدیق کے بعد رقم آن لائن ٹرانسفر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزار شکایت آن لائن درج کرا سکیں گے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے درخواست فارم کو مزید آسان بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ درخواست گزاروں سے نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل فون نمبر لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر سطح پر غیر معمولی اقدامات کئے ہیں، نادار طبقے کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

تازہ ترین