چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی وبا کورونا وائرس نے جس تیزی سے عالمی وبا کی شکل اختیار کرلی ہے، اس نے پوری دنیا کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے جبکہ وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے دنیا کے کئی ممالک لاک ڈاؤن ہے۔
اس خطرناک وبا کا شکار مریضوں کا علاج کرتے ڈاکٹرز و میڈیکل اسٹاف اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں اور اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔
ایسے ہی باہمت اور فرض شناس طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تھائی لینڈ کے شہریوں نے اپنے گھروں کی بالکنیوں، کھڑکیوں اور دروازوں پرکھڑے ہوکر تالیاں بجائیں۔ برتن بجاکر میوزک پرفارمنس دی اور یکجہتی کے گیت گنگنائے جبکہ بنکاک میں ایک سپرمارکیٹ کے ملازمین نے بھی اس میں حصہ لیا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے 199ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس میں 34 ہزار 7 سو81 اموات اور 7 لاکھ 34 ہزار 9 سو 98 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 55 ہزار 9 سو 65 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔