• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: لاک ڈائون کی خلاف ورزی ،گارڈن سینٹر کی دکان بند کردی گئی

لندن (پی اے) کوروانا وائرس کے حوالے سے لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشیا کی فروخت کا سلسلہ جاری رکھنے پر گزشتہ روز گارڈن سینٹر لندن کی دکان بند کردی گئی، برطانیہ میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر بند کی جانے والی یہ پہلی دکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایکسٹر ڈیوون میں واقع پلانٹس گیلور نامی اس دکان پر پیر کو پورے برطانیہ میں لاک ڈائون کے اعلان کے باوجود پورے ہفتے کاروبار جاری رکھا گیا۔ اس حوالے سے جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دکاندار کو گارڈن کے پودے، بیج، بلب اور گارڈن سے متعلق دیگر اشیا فروخت کرنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن ایکسٹر سٹی کونسل کی جانب سے پولیس کے تعاون سے جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دکاندار نے ہیلتھ پروٹیکشن (کورونا وائرس پر پابندیوں کے ریگولیشنز 2020) کی خلاف ورزی کی تھی۔ یہ نوٹس ماحولیات، صحت اور کمیونٹی سیفٹی ٹیم کی جانب سے گارڈن سینٹر کو دیا گیا، اس میں کہا گیا ہے کہ گارڈن سینٹر فوری طور پر دکان کھولنا بند کردے۔ تاہم یہ اسٹور الیکٹرانک ذرائع سے اپنا کاروبار جاری رکھ سکے گا، اس کے علاوہ اسٹور میں وہ دیگر اشیا بھی فروخت کی جاسکیں گی، جن کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سے قبل لیور پول کے ایک پب کو بھی اسی طرح کا نوٹس جاری کیا جا چکا ہے۔ اسٹور کے مالکان نے اس نوٹس پر کسی طرح کی بات کرنے سے انکار کردیا، تاہم ایکسٹر کے بہت سے لوگوں نے فیس بک پر اس نوٹس کی حمایت کی ہے۔
تازہ ترین