• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی اور گیس دو ماہ کے بل معاف کئے جائیں، حافظ نعیم الرحمٰن

بجلی اور گیس دو ماہ کے بل معاف کئے جائیں، حافظ نعیم الرحمٰن 


کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اعلانات تو بہت کیے ہیں لیکن ابھی تک کارکردگی صفر رہی ہے۔ہم اختلافات کو ہوا نہیں دینا چاہتے لیکن مسائل کی نشاندہی ضروری ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت اپنے حصے کا کام کر رہی ہیں حکومت کو بھی اپنے حصے کا کام کرنا چاہیئے۔ حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم ایک بار پھر وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت شہر بھر میں 100مراکز سے مستحقین کی امداد کی جا رہی ہے اور ہمارے ہزاروں کارکنان رضاکارانہ طور پر امدادی سر گرمیوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے کے الیکٹرک کی جانب سے کورونا کی سنگین صورتحال میں بھی عوام کو ریلیف نہ دینے اور پہلے سے زیادہ بھاری بلوں کے اجراء کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ کم ازکم ہنگامی حالات میں تو کراچی کے عوام کو ریلیف دلوائیں اور بجلی کے بلز دو ماہ تک معاف کرائیں۔ حافظ نعیم نے گیس کے بلوں کو بھی دو ماہ تک معاف کرانے کا مطالبہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جیل میں قیدیوں کو بھی ریلیف ضرور ملنا چاہیئے اور معزز عدلیہ کو اس حوالے سے دیکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آٹا اور چینی مہنگی مل رہی ہے تو اس کی ذمہ دار حکومت ہے اور یہ سب کو پتا ہے کہ آٹا اور چینی مافیا وزیر اعظم کے ارد گرد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں، مزدور طبقے اور مستحقین کو ابھی تک کچھ نہیں ملا ہے۔ حکومت بتائے کہ راشن کہاں اور کس کو دیا جا رہا ہے۔ حکومتی مشنری، مرکزی، صوبائی و مقامی اور نچلی سطح تک مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ شہر میں عمومی طور پر اور ہسپتالوں میں بالخصوص صفائی ستھرائی کا بہت برا حال ہے اور جو حکومت اسپرے تک نہ کرسکے اس کی کیا تعریف کی جائے۔

تازہ ترین