• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی نے حفیظ سے حالیہ انٹرویوز پر وضاحت طلب کرلی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے پیر کو سابق کپتان اور ٹیسٹ آل رائونڈر محمد حفیظ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے ان کے حالیہ بیانات پر وضاحت مانگی گئی ۔ وسیم خان نے محمد حفیظ کو ان کی ذمے داری کا احساس دلایا اور پی سی بی کی پالیسی سے بھی آگاہ کیا۔ حفیظ نے شرجیل خان کی پاکستانی ٹیم میں واپسی پر اپنے تحفظات ظاہر کئے تھے ۔ وسیم خان نے کرکٹر محمد حفیظ کو سخت الفاظ میں متنبہ کیا ہے ۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ محمد حفیظ نے ا سپاٹ فکسنگ میں ملوث کسی کرکٹر کی ممکنہ واپسی پر سوال اٹھایا ہے۔ اس سے قبل 2015 میں جب فاسٹ بولر محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں واپسی ہوئی تھی تو محمد حفیظ اور اظہر علی نے قومی کیمپ میں آنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس بارے میں جب نمائندہ جنگ نے محمد حفیظ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے ایک انٹر ویو پی ایس ایل سے قبل دیا تھا جبکہ دوسرا پی ایس ایل کے دوران تھا۔ لیکن انہوں نے شرجیل خان کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایک موقف تھا ، لیکن شرجیل خان کے بارے میں بورڈ کی پالیسیوں پر اثر انداز نہیں ہونا چاہتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان نے محمد حفیظ کویاددہانی کرائی کہ وہ ذمے داری کا مظاہرہ کریں اور پی سی بی پالیسیوں کو میڈیا میں نہ لائیں۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس کا اختتام بھی اچھے انداز میں ہوا۔ حفیظ نے وسیم خان کو بھی بتایا کہ ان کے پرانے انٹر ویوز اب چلائے گئے ہیں جس سے معاملات خراب ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ محمد حفیظ کرپٹ کھلاڑیوں کو پاکستان ٹیم میں واپس لینے پر اپنے موقف پر قائم ہیں ۔ چار سال پہلے جب محمد عامر کے معاملے میں انہوں نے اپنے تحفظات ظاہر کئے تھے تو اس وقت نجم سیٹھی نے ان پر واضح کردیا تھا کہ پی سی بی عامر کو ہر قیمت پرکھلانا چاہتا ہےجس کے بعد حفیظ نے خاموشی اختیار کر لی تھی۔ محمد حفیظ نے ایک تجویز کو بھی پی سی بی نظر انداز کیا تھا جس میں حفیظ نے پی سی بی کو مشورہ دیا تھا کہ مستقبل میں سینٹرل کنٹریکٹ میں یہ شق رکھی جائے کہ جو بھی کھلاڑی میچ فکسنگ یا اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پایا گیا اسے دوبارہ پاکستان ٹیم میں شامل نہ کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حفیظ کو پالیسی معاملات پر بات نہ کرنے اور درست فورم استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ وسیم خان نے ان پر واضح کیا کہ وہ تنازعات سے دور رہیں۔

تازہ ترین