• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان، 23 جولائی سے شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جاپانی منتظمین اورانٹر نیشنل اولمپک کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹوکیو اولمپک گیمز آئندہ سال 23جولائی سے شروع ہوں گے اوراس کا اختتام آٹھ اگست کو ہوگا۔ گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس 2020 ایک سال کے لیے ملتوی کردیے گئےتھے۔ انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی) اور ٹوکیو اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے مشترکہ بیان میں اولمپکس 2020 ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیاتھا۔ بیان کے مطابق آئی او سی کے سربراہ تھامس باخ اور جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے نے کانفرنس کال پر گفتگو کی جس میں دیگر جاپانی حکام اور اولمپک کمیٹی کے عہدیدار بھی شریک ہوئےتھے۔ پیر کو مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اب یہ گیمز آئندہ سال ہوں گے۔ جاپان کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے اور تیاریوں کیلیے وقت درکار ہے، ایسے میں گیمز جولائی 2021 سے شیڈول ہوسکتے ہیں۔ وضاحت ٹوکیو کی گورنر یوریکو کوئیک کی جانب سے گیمز کو قدرے ٹھنڈے موسم میں منعقد کرنے کی تجویز کے بعد سامنے آئی ہے۔گورنر نے کہا تھا کہ اگر کم گرم موسم میں ایونٹ منعقد کیا جاتا ہے تو میراتھنز اور دیگرریسز بھی ناردرن ساپورو سٹی کے بجائے ٹوکیو میں ہی منعقد ہوسکتے ہیں۔یاد رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ٹوکیو میں ممکنہ گرمی کی وجہ سے رواں برس کے گیمز کیلیے میراتھن و دیگر ریسز ساپورو منتقل کردیے تھے۔

تازہ ترین