• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر جاوید الرحمٰن کی بیماری پر بھی سیاست کرنیکی کوشش کی گئی ، سی بی ایز ایکشن کمیٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی صحافی تنظیموں ، جنگ اور جیو کی سی بی ایز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نیب کی جانب سے اظہار ہمدردی کے طور پر میر شکیل الرحمن کو اپنے بیمار بھائی کی عیادت کے لیے کراچی آنے کی اجازت دینے کو زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی ہمدردی کا تقاضہ تو یہ تھا کہ انکوائری کے اسٹیج پر غیرقانونی طور پر گرفتار کیے گئے میر شکیل الرحمن کو فوری طور پر رہا کردیا جاتا تاکہ وہ اپنے بیمار بڑے بھائی کی تیمارداری اور خدمت کرسکتے لیکن حکومت اور نیب نے میر جاوید الرحمن کی بیماری پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایکشن کمیٹی کے مطابق حکومتی ہتھکنڈوں کے باعث جنگ اور جیو کا ہر کارکن اس وقت انتہائی مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ حکومت ایک طرف کنٹرولڈ میڈیا چاہتی ہے جس کے لیے میر شکیل الرحمن کو غیرقانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے اور دوسری طرف پورا ملک کرونا وائرس کے خطرے سے دوچار ہے ایسے وقت میں ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ آزاد میڈیا کی مدد سے کرونا کے چیلنج سے نمٹا جاتا لیکن پنجاب میں لاک ڈاون جیسے بڑے فیصلے مشاورت کے بغیر کیے گئے ۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر پیر کو بھی جیو اورجنگ کے دفاتر میں تمام تر حفاظتی تدابیر کے ساتھ احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ۔ عملے کے ارکان نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے دفتری امور انجام دیے۔ ایکشن کمیٹی کے مطابق جنگ اور جیو کے دفاتر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تازہ ترین