• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں تین روزہ کورونا آگاہی مہم شروع کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) حکومت نے اسلام آباد شہر میں تین روزہ کورونا آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی‘ ترقی اسد عمر کی زیر صدارت پیر کو کورونا وائرس پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسلام آباد میں صحت اور خوراک کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں روزانہ ایک ہزار خاندانوں کو راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ خرم نواز کی سربراہی میں اسلام آباد میں تین روزہ آگاہی مہم شروع کی جائے گی، عوام میں سماجی فاصلہ یقینی بنانے کیلئے آگاہی مہم چلائی جائیگی اور اعلانات کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا جائیگا۔ اسلام آباد کے منتخب نمائندے، انتظامیہ، اور رضاکار اس مہم میں حصہ لیں گے۔ رضاکار ضلعی انتظامیہ کی قیادت میں کام کریں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ منڈیوں اور خوراک کے نظام سمیت ملک بھر میں صحت، خوراک اور توانائی کی سہولیات متاثر نہیں ہونے دیں گے۔
تازہ ترین