لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہا ۔ پرویز اشرف نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت اب بہت بہتر ہے اور ہسپتال سے گھر شفٹ ہوگئے ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح کورونا وبا سے نجات کے لیے عوام وقومی قیادت کو متحدرکھنا چاہیے ۔ لیاقت بلوچ نے جمعیت علمائے اسلام (ق )کے سربراہ مولانا محمد اجمل قادری ،ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر ، حافظ زبیر ظہیر ، مولانا عبدالمالک ، سجادہ نشین دربار غلام فرید کوٹ مٹھن خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ ،سید ثاقب اکبر ، علامہ عارف حسین واحدی ، پیر غلام رسول اویسی ، سید ناصر شیرازی ، پیر اختر رسول قادری سے بھی ٹیلی فون پر رابطے کیے ۔ کرونا وباءکے خلاف قومی وحدت و اتحاد ، ملکی سیاسی صورتحال اور مساجد و مدارس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔